14

لاہور میں مظلوم یمنیوں پر سعودی جارحیت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ

  • News cod : 28180
  • 24 ژانویه 2022 - 2:15
لاہور میں مظلوم یمنیوں پر سعودی جارحیت کیخلاف احتجاجی مظاہرہ
آئی ایس او پاکستان کے رہنمائوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7سال سے یمن میں مظلوم مسلمانوں کو شیطانی قوتوں کی جارحیت کا سامنا ہے، سعودی بمباری سے یمن میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی و شہید اور معذور ہو چکے ہیں

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، یمن میں آلِ سعود کی جارحیت کیخلاف امامیہ سٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان نے ملک کے اہم شہروں لاہور، ملتان، گلگت اور اسلام آباد میں احتجاجی ریلیوں کا انعقاد کیا۔ اس حوالے سے لاہور میں پریس کلب کے سامنے بھی احتجاجی ریلی نکالی گئی۔ آئی ایس او پاکستان کے رہنمائوں نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 7 سال سے یمن میں مظلوم مسلمانوں کو شیطانی قوتوں کی جارحیت کا سامنا ہے، سعودی بمباری سے یمن میں اب تک ایک لاکھ سے زائد افراد زخمی و شہید اور معذور ہو چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تاریخ کے بدترین انسانی بحران، وحشیانہ حملوں کیخلاف اور یمن میں عالمی سامراج کی جارحیت کیخلاف ہمیں سڑکوں پر نکل کر استعمار دشمنی کا عملی ثبوت دینا ہوگا۔

مقررین کا کہنا تھا کہ یمن کی جیل پر جارح سعودی اتحاد کے وحشیانہ حملے میں 80 سے زائد مظلوم یمنی شہید ہوئے۔ آل سعود اور متحدہ عرب امارات عالمی سامراج امریکہ اور صیہونی حکومت کے ذلیل و خوار آلہ کار اور انسانیت کے مجرم ہیں۔ مقررین کا کہنا تھا کہ یمن میں جارح سعودی اتحاد کے حملوں میں پچاسی فیصد سے زیادہ بنیادی تنصیبات تباہ ہو چکی ہیں، جبکہ عوام کو خوراک اور دواؤں کی قلت کا بھی سامنا ہے، ان تمام مظالم کے باوجود امت مسلمہ کی خاموشی اور عالمی برادری کی بے حسی افسوسناک ہے۔ انہوں نے کہا کہ یمن کے مظلوم عوام نے 40 سال سے استعماری و استکباری جارحیت کا سامنا کر رہے ہیں، وہاں کے عوام کے حوصلے بلند ہیں اور وہ مزاحمت و استقامت کے راستے کو ہرگز ترک نہیں کریں گے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=28180