22

حوزہ علمیہ قم کے بزرگ مجتہدین عظام کا آیت اللہ العظمیٰ صافی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

  • News cod : 28839
  • 01 فوریه 2022 - 18:08
حوزہ علمیہ قم کے بزرگ مجتہدین عظام کا آیت اللہ العظمیٰ صافی کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار
قم میں موجود بزرگ مجتہدین عظام آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی، علوی گرگانی،جعفر سبحانی اور نوری ہمدانی نے اپنے تعزیتی پیغامات میں آیت اللہ العظمی صافی گلپایگانی قدس سرہٗ کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، قم میں موجود بزرگ مجتہدین عظام آیت اللہ العظمیٰ مکارم شیرازی، علوی گرگانی،جعفر سبحانی اور نوری ہمدانی نے اپنے تعزیتی پیغامات میں آیت اللہ العظمی صافی گلپایگانی قدس سرہٗ کی رحلت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہیں۔

پیغامات کا تفصیلی متن:

بسم الله الرحمن الرحیم

إِنَّا لِلّهِ وَإِنَّا إِلَیْهِ رَاجِعونَ

شیخ الفقہاء آیت اللہ العظمی صافی گلپایگانی قدس سرہٗ کی رحلت کی خبر سن کر بہت افسوس اور دکھ ہوا۔ وہ عظیم مرد آیت اللہ العظمی بروجردی قدّس سرّہٗ کے نامور شاگردوں اور ہمارے زمانے کے بڑے فقہاء میں سے تھے۔ انہوں نے مختلف موضوعات منجملہ فقہ اور کلام میں بہت زیادہ کتب تحریر کی ہیں۔ انہوں نے گمراہ فرقوں کے خلاف ہمیشہ جہاد کیا اور مسجد امام حسن عسکری علیہ السلام کی تعمیرومرمت ان کے عظیم کارناموں میں سے ہے۔ سابق ظالم حکومت کے خلاف جہاد کے علاوہ ایکسپرٹس اسمبلی (مجلس خبرگان)، قانون سازی اور گارڈین کونسل میں آپ کی گرانقدر خدمات اسلام اور انقلاب کے لئے خیر و برکت کا باعث ہیں۔

حضرت ولی عصر ارواحنا فداہ کے فراق کا غم لے کر اس دنیا سے جانے والے اس فقیہ کی رحلت پر امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف، دینی مدارس، مراجع تقلید، شیعیان اہلبیت علیھم السلام، مقلدین، عقیدت مندوں اور بالخصوص ان کے اہل خانہ اور فرزندان عزیز کی خدمت میں تعزیت عرض کرتا ہوں۔

خداوند عالم انہیں اولیاء کرام اور اپنے مقرب بندوں کے ساتھ محشور فرمائے اور ان کے پسماندگان کو صبر جمیل اور اجر جزیل عنایت فرمائے۔

والسلام علیکم و رحمة الله و برکاته

قم ناصر مکارم شیرازی

۱۲ بهمن ۱۴۰۰ شمسی / یکم فروری 2022ء

آیت اللہ صافی گلپائیگانی قدس سرہ کی رحلت پر آیت اللہ نوری ہمدانی کے تعزیتی پیغام کا متن اس طرح ہے:

بِسْمِ اللَّهِ الرَّحْمَنِ الرَّحِیمِ

إِنَّا لِلَّهِ وَإِنَّا إِلَیْهِ رَاجِعُونَ

عَنْ عَلِیِّ بْنِ أَبِی حَمْزَةَ قَالَ سَمِعْتُ أَبَا الْحَسَنِ مُوسَی بْنَ جَعْفَرٍ علیهما السلام یَقُولُ‏ إِذَا مَاتَ‏ الْمُؤْمِنُ‏ بَکَتْ‏ عَلَیْهِ الْمَلَائِکَةُ وَ بِقَاعُ الْأَرْضِ‏ الَّتِی کَانَ یَعْبُدُ اللَّهَ عَلَیْهَا وَ أَبْوَابُ السَّمَاءِ الَّتِی کَانَ یُصْعَدُ فِیهَا بِأَعْمَالِهِ وَ ثُلِمَ فِی الْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا یَسُدُّهَا شَیْ‏ءٌ لِأَنَّ الْمُؤْمِنِینَ الْفُقَهَاءَ حُصُونُ الْإِسْلَامِ کَحِصْنِ سُورِ الْمَدِینَةِ لَهَا.

مرجع عالیقدر آیت اللہ العظمی شیخ الفقہاء صافی گلپائیگانی اعلی اللہ مقامہ کی رحلت پر افسوس اور دکھ ہوا۔ وہ عظیم المرتبت فقیہ آیت اللہ العظمیٰ بروجردی کے نامور شاگردوں اور امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے مورد توجہ اور قابل اعتماد ساتھیوں میں سے تھے۔ حضرات معصومین علیہم السلام سے والہانہ محبت اور عشق ان کا خاصہ تھا۔ انہوں نے گمراہ فرقوں کے خلاف ہمیشہ جہاد کیا اور فقہ اور کلام کے موضوع پر گرانقدر کتب تحریر کیں اور اجتماعی اور سیاسی میدانوں میں بھی انتہائی موثر کردار ادا کیا۔

میں اس فقیہ عالیقدر کی رحلت پر امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف، دینی مدارس، مراجع تقلید، شیعیان اہلبیت علیھم السلام، مقلدین، عقیدت مندوں اور بالخصوص ان کے اہل خانہ اور فرزندان عزیز کی خدمت میں تعزیت عرض کرتا ہوں۔

حسین نوری ہمدانی

آیت اللہ العظمی صافی گلپائیگانی کی رحلت پر آیت اللہ علوی گرگانی کے تعزیتی پیغام کا متن اس طرح ہے:

باسمه تعالی

قال الله تعالی: « الذین تتوفاهم الملائکة طیبین یقولون سلام علیکم ادخلوا الجنة»

عالم متقی، شیخ الفقہاء و المجتہدین مرجع عالیقدر جہان تشیع حضرت آیت اللہ العظمی شیخ لطف اللہ صافی گلپایگانی قدس سرہٗ کی رحلت پر بہت دکھ ہوا۔

مرحوم نے اپنی پوری عمر دینی تعلیمات کی ترویج، دین اسلام کے اصولوں کی حمایت، احکام شرعی کے بیان اور اسلامی نظام کے حکام کو نصیحتیں اور رہنمائی کرنے میں گزار دی۔

فاضل شاگردوں کی تربیت کرنا، ولایت اور مہدویت کے دفاع میں مفید کتب کی تالیف، مسلمانوں کی ہدایت کے لئے انہیں نصیحت کرنا، گارڈین کونسل اور ایکسپرٹس اسمبلی (مجلس خبرگان) گرانقدر خدمات قیامت کے دن ان کے لئے ذخیرہ ہوں گی۔

میں اس فقیہ عالیقدر کی رحلت پر امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف، دینی مدارس، مراجع تقلید، شیعیان اہلبیت علیھم السلام، مقلدین، عقیدت مندوں اور بالخصوص ان کے اہل خانہ اور فرزندان عزیز کی خدمت میں تعزیت عرض کرتا ہوں۔

سید محمد علی علوی گرگانی

حضرت آیت اللہ العظمی سبحانی نے آیت اللہ العظمی صافی گلپایگانی کی رحلت کے موقع پر تعزیتی پیغام جاری کیا جس کا متن حسب ذیل ہے:

بسمہ تعالی

إِذَا مَاتَ الْعَالِمُ ثُلِمَ فِی الْإِسْلَامِ ثُلْمَةٌ لَا یَسُدُّهَا شَیْءٌ إِلَی یَوْمِ الْقِیَامَةِ.

عالم ربانی، عظیم محقق، مشہور فقیہ، محافظ حرمت اسلام و اہل بیت علیہم السلام، مرحوم حضرت آیت اللہ صافی گلپائگانی کی وفات پر نہایت ہی غم و اندوہ اور بہت ہی افسوس کے ساتھ تعزیت کرتا ہوں۔

ایک ایسا عالم جو ۷۰ سال سے زائد عرصے تک تدریس و تصنیف میں مشغول رہا اور ہمارے درمیان قیمتی تصنیفات اور قلمی شاہکار چھوڑ گیا، وہ ذات یقینا ’’ ثلمة فی الاسلام‘‘کا روشن مصداق ہے۔ آپ فقاہت اور استنباط احکام جیسی مصروفیات کے باوجود، ہمیشہ دشمنوں کے شبہات کا مسلسل جواب دیتے اور اپنے قلم کو اس میدان میں روانی کے ساتھ جاری رکھتے۔

آپ نے اپنی زندگی کا بیشتر حصہ نجف اشرف میں گزارا اور فقہ جیسا عظیم ثمر اپنے ساتھ لائے اور پھر قم میں نامور اور مراجع عظام کے محضر سے استفادہ کیا اور آیت اللہ بروجردی کی ہیئت اسفتا کے اہم رکن رہے۔ آپ کے استاد نے آپ کو امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف کے متعلق کتاب لکھنے حکم دیا اور اس کتاب کی طرز نگارش بھی بتائی۔ آپ نے ایک بہت ہی عمدہ اور قابل قدر کتاب لکھی جو آئندہ مصنفین کے کے لئے ایک اہم منبع اور مرجع قرار پائی، یہ کتاب حال ہی میں «منتخب الاثر فی الامام الثانی عشر» کے نام سے تین جلدوں منتشر ہوئی جو کہ ایک بہت ہی شاندار اور مفید کتاب ہے۔

یہ رحلت ہمارے لئے بھی بہت غمناک ہے، میں اس عظیم مصیبت پر امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف، مراجع کرام، علمائے اسلام، طلباء، عزیز و اقارب بالخصوص آپ کے فرند شیخ حسن صافی، اور تمام محبین کی خدمت میں دلی تعزیت پیش کرتے ہوئے اللہ تعالی سے مرحوم کے علو درجات اور اور سب کے لیے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں۔

و سلام الله علیه یوم ولد و یوم مات و یوم یبعث حیّا

جعفر سبحانی

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=28839