7

حکومت، پولیس و دیگر ادارے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کو روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں، علامہ ناظر تقوی

  • News cod : 30057
  • 24 فوریه 2022 - 12:31
حکومت، پولیس و دیگر ادارے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کو روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں، علامہ ناظر تقوی
اپنے مذمتی بیان میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل نے کہا کہ شہر کراچی لاوارث ہو چکا ہے، اسٹریٹ کرائم کرنے والے چور ڈکیت عناصر کراچی کی شاہراہوں پر کھلے عام گھوم رہے ہیں، جو قانون نافذ کرنے والوں اداروں کیلئے سوالیہ نشان ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی ایڈیشنل سیکرٹری جنرل علامہ ناظر عباس تقوی نے کراچی میں بڑھتے ہوئے اسٹریٹ کرائم کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ سندھ حکومت، پولیس اور دیگر ادارے کراچی میں اسٹریٹ کرائم کو روکنے میں ناکام نظر آتے ہیں۔ اپنے مذمتی بیان میں علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ اسٹریٹ کرائم کے بڑھتے ہوئے واقعات نے کراچی کی عوام کو شدید خوف و ہراس میں مبتلا کر دیا ہے، جس سے عوام میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ لگتا ایسا ہے کہ شہر کراچی لاوارث ہو چکا ہے، اسٹریٹ کرائم کرنے والے چور ڈکیت عناصر کراچی کی شاہراہوں پر کھلے عام گھوم رہے ہیں، جو قانون نافذ کرنے والوں اداروں کیلئے سوالیہ نشان ہے۔

علامہ ناظر تقوی نے کہا کہ کراچی کے کچھ مقامات اور شاہراہ ایسی بھی ہیں، جہاں پر درجنوں لوگوں کو سرعام لوٹا گیا اور حالیہ واقعہ جس میں نجی چینل سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافی اطہر متین کو بھی انہیں اسٹریٹ کرمنلز نے قتل کر دیا، اطہر متین جیسی درجنوں فیملیز آج انصاف کی منتظر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کو چاہیے کہ اطہر متین جیسی تمام فیملیز کو انصاف فراہم کریں اور اس واقعہ میں ملوث عناصر کو بے نقاب کریں، ساتھ ساتھ حکومت اور سندھ پولیس پہلی فرصت میں شہر کراچی کو ان اسٹریٹ کرائم سے پاک کرنے کیلئے اقدامات کو یقینی بنائیں، تاکہ شہر کراچی میں پھیلی ہوئی اس بے چینی کو دور کیا جا سکے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=30057