16

سابق وزیر تعلیم کی آیت اللہ حافظ ریاض نجفی سے ملاقات ،ملی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی اپیل

  • News cod : 30490
  • 04 مارس 2022 - 17:57
سابق وزیر تعلیم کی آیت اللہ حافظ ریاض نجفی سے ملاقات ،ملی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے کی اپیل
سابق وفاقی وزیر تعلیم سید منیر حسین گیلانی نے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی سے جامعةالمنتظر ملاقات کی اوراپیل کی کہ وہ ملی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ توحید ، ختم نبوت اور ولایت علی علیہ السلام پر ایمان رکھنے والوں کی قومی پالیسی ایک ہو۔

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق، سابق وفاقی وزیر تعلیم اسلامک ڈیموکریٹک فرنٹ کے چیئرمین سید منیر حسین گیلانی نے وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے صدر آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی سے جامعةالمنتظر ملاقات کی اوراپیل کی کہ وہ ملی جماعتوں کو ایک پلیٹ فارم پر جمع کرنے میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ توحید ، ختم نبوت اور ولایت علی علیہ السلام پر ایمان رکھنے والوں کی قومی پالیسی ایک ہو۔ اس مقصد کے لئے ان کی جو ذمہ داری بھی حافظ صاحب لگائیں کہ وہ اپنا کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہیں۔انہوں نے کہامتوسط طبقے کی نمائندگی کےلئے وسیع تر مقاصد کے لئے سیاسی پلیٹ فارم ان کا دیرینہ خواب ہے، جس کے لئے انہوں نے کوشش بھی کی،مگر معاملات حتمی شکل اختیار نہ کرسکے۔اور وہ آج بھی سمجھتے ہیں کہ اب بھی وسیع پلیٹ فارم کی ملکی سیاست میں گنجائش موجود ہے۔ ہمیں فرقہ وارانہ دائروں سے نکل کر ہر مذہب ، مسلک اور طبقے کی خوشحالی کے لئے کام کرنے کی ضرورت ہے۔ اوروہ سمجھتے ہیں کہ ایسی کاوش میں شامل ہونے والے امام مہدی علیہ السلام کے ظہور کے لئے کام کرنے والوں میں شامل ہوں گے۔ کیونکہ خاتم الانبیا حضرت محمد مصطفی صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کے بارہویں اور آخری جانشین نے صرف مسلمانوں پر ہی نہیں بلکہ پوری دنیا پر حکومت کرنی ہے۔

سید منیر گیلانی نے آیت اللہ حافظ ریاض نجفی سے ان کی اہلیہ ، ہمشیرہ ، علامہ نیاز حسین نقوی، مولانا خادم حسین نقوی، مولانا موسیٰ بیگ کے انتقال پر اظہار تعزیت بھی کیا اور فاتحہ خوانی کی۔

سابق وفاقی وزیر نے انہیں اپنی خودنوشت ”سیاسی بیداری“ ان کے مطالعہ ، جامعتہ المنتظر کی لائبریری اور وفاق المدارس کے ریکارڈ کے لیے بھی پیش کی ۔

آیت اللہ حافظ ریاض حسین نجفی نے سابق وفاقی وزیرکی قائدین ملت جعفریہ علامہ مفتی جعفر حسین رحمة اللہ علیہ ،علامہ عارف حسین الحسینی رحمة اللہ علیہ اور علامہ ساجد علی نقوی کے ساتھ سیاسی سیل کے انچارج کے طور پر تنظیم کے ساتھ وابستگی اور خدمات کو سراہا۔

رئیس الوفاق نے کہا کہ محسن ملت علامہ صفدر حسین نجفی نے سیاسی جماعت بنانے کی تجویز دیتے ہوئے زور دیا تھا کہ ملک بھر سے صرف 12 افراد تین شرائط کے ساتھ سیاسی جماعت بنائیں جن کی روزی روٹی اپنی ہو، سیاست کی سوجھ بوجھ رکھتے ہوں اور بکاو مال نہ ہوں۔

انہوں نے کہا کہ فرقہ وارانہ بنیادوں پر سیاسی جماعتیں قائم نہیں ہونی چاہیں،تمام مکاتب فکر مل کر مشترکہ مقاصد کے لئے اپنا کردار ادا کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ ملت اسلامیہ میں شعور بیدار کرنے کے لیے قرآن مجید کے ترجمے کے ساتھ مطالعہ اور اس پر عمل کرنے کی ضرورت ہے۔ قرآن مجید کی تعلیمات اور کلام الٰہی سے رغبت اور محبت آئندہ نسلوں کی تربیت کی ضمانت ہے ۔

آیت اللہ حافظ ریاض نجفی نے کہا کہ قوم کو تعلیم کی طرف توجہ دینے کی ضرورت پر زور دیتے ہوئے کہا کہ ہر صاحب استطاعت فرد اپنا کردار ادا کرے،سکول کالج یونیورسٹی اورمدارس دینیہ جو بھی ممکن ہو بنا کر جہالت کے اندھیروں کو دور کیا جائے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=30490