وفاق ٹائمز، دنیا بھر کی طرح لاہور میں بھی 15 شعبان المعظم کو شب برات مذہبی عقیدت و احترام کیساتھ منائی گئی۔ اس حوالے سے مساجد و امام بارگاہوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ جبکہ رات بھر عبادات کی محافل ہوتی رہیں۔ شہر کی تمام چھوٹی بڑی مساجد اور امام بارگاہوں میں شب بیداری کا سلسلہ جاری رہا۔ لاہور میں مختلف مقامات پر امام زمانہ علیہ السلام کی ولادت باسعادت کی مناسبت سے جشن کی محافل کا بھی اہتمام کیا گیا، جس سے علمائے کرام اور ذاکرین عظام نے خطاب کیا جبکہ مساجد و امام بارگاہوں میں اعمال ہائے نیمہ شعبان کی محفل بھی ہوئیں۔
لاہور میں اعمال ہائے نیمہ شعبان کیلئے جامعہ المنتطر کی علی مسجد، شادمان میں قومی مرکز، جعفریہ کالونی کی مرکزی مسجد، جامع مسجد داتا دربار، منہاج القرآن ماڈل ٹاون، جامعہ نعیمہ گڑھی شاہو، جامعہ عروۃ الوثقیٰ کی مسجد بیت العتیق، جامعہ اشرفیہ فیروز پور روڈ، جامع مسجد صاحب الزمان اسلام پورہ، جامع مسجد رحمت العالمین ملتان روڈ، ادارہ منہاج الحسینؑ جوہر ٹاون سمیت شہر بھی میں مساجد میں عبادات کا خصوصی اہتمام کیا۔ دریائے راوی کے کنارے بھی جشن امام زمانہؑ کے سلسلہ میں تاریخی جشن کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر کشتیوں کو برقی قمقموں سے سجایا گیا تھا۔ جب کہ دریاے کے کنارے پر چراغ بھی روشن کئے گئے۔
اعمال ہائے نیمہ شعبان کی محافل میں شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ شہر کے مختلف علاقوں میں خواتین کیلئے خصوصی محافل کا اہتمام کیا گیا۔ اس موقع پر ملکی سلامتی، امن و امان اور امت مسلمہ کی سربلندی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں۔ شہر کے بعض علاقوں میں رات بھر آمد امام زمانہؑ کی خوشی میں آتش بازی کا مظاہرہ بھی ہوتا رہا۔












