10

مبلغین عمل کے ذریعے لوگوں کو خدا کی طرف بلائیں، علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی

  • News cod : 32225
  • 29 مارس 2022 - 16:32
مبلغین عمل کے ذریعے لوگوں کو خدا کی طرف بلائیں، علامہ ڈاکٹر شبیر میثمی
سیمینار سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے علامہ شبیر حسن میثمی نے کہا کہ تمام مبلغین ہمارے لئے محترم ہیں، آپ جس بھی علاقے میں خدمات کیلئے جائیں، آپکا اولین مقصد اللہ عزوجل کی خوشنودی ہونا چاہیئے، ہماری تمام تر کامیابیاں اسیکی خوشنودی میں ہیں

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان سکھر ڈویژن اور زہراء (س) اکیڈمی کے زیراہتمام روہڑی میں استقبال ماہ رمضان و مبلغین سیمینار جامعۃ الرضا میں منعقد ہوا، سیمینار میں سکھر، صالح پٹ، اوباڑو، کشمور، کندھ کوٹ، نارو، گڑھی یاسین، جیکب آباد اور ٹھل کے مضافات سے ڈیڑھ سو سے زائد مبلغین نے شرکت کی۔ سیمینار میں شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے خصوصی شرکت کی اور خطاب کیا، کانفرنس سے علامہ عبدالمجید بہشتی، علامہ سید یوسف رضا کاظمی، علامہ ریاض حسین روحانی، علامہ صابر حسین قمی، علامہ اللہ بخش شریفی، علامہ امداد حسین الحسینی اور علامہ مشتاق حسین عمرانی نے بھی خطاب کیا اور مبلغین کی عظمت، ذمہ داروں اور خدمات و فرائض پر لیکچرز دیئے اور انہیں اس سلسلے میں آگاہی فراہم کی۔

سیمینار سے خصوصی خطاب کرتے ہوئے علامہ ڈاکٹر شبیر حسن میثمی نے کہا کہ تمام مبلغین ہمارے لئے محترم ہیں، آپ جس بھی علاقے میں خدمات کیلئے جائیں، آپ کا اولین مقصد اللہ عزوجل کی خوشنودی ہونا چاہیئے ہماری تمام تر کامیابیاں اسی کی خوشنودی میں ہے، مبلغین کو چاہیئے کہ وہ اپنے عمل کے ذریعے لوگوں کو عمل کی طرف بلائیں تو وہ موثر انداز میں آئیں گے۔ الحمدللہ آپ معلم ہیں، مبلغ ہیں، اس کا مطلب آپ امام زمان عجل کے وکیل ہیں، ان کی بارگاہ میں خاص مقام ہے، جس کی بنیاد پر آپ آج اپنی تمام تر مصروفیات کے باوجود تشریف لائے ہیں، تاکہ عوام الناس تک پیغام ہدایت پہنچا سکیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ قائد محترم کے حکم پر آئمہ جماعت اور مدرسین مدارس دینیہ کیلئے صحت اسکیم کو متعارف کرایا جا رہا ہے، تاکہ ایمرجنسی بنیاد پر پیش آنے والے صحت کے مسائل کے حل کیلئے جس قدر ممکن ہو، تعاون کیلئے اقدام کیا جاسکے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=32225