3

علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں یوم القدس منایا گیا

  • News cod : 33427
  • 29 آوریل 2022 - 22:45
علامہ ساجد نقوی کی اپیل پر ملک بھر میں یوم القدس منایا گیا
قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کی اپیل پر شیعہ علماءکونسل ، جعفریہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن سمیت دیگر مذہبی تنظیموں اور شہریوں نے چاروںصوبوں، خیبر پختونخوا ، کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم القدس منایا۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجدعلی نقوی کی اپیل پر شیعہ علماءکونسل ، جعفریہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن سمیت دیگر مذہبی تنظیموں اور شہریوں نے چاروںصوبوں، خیبر پختونخوا ، کشمیر ،گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم القدس منایا۔ تفصیلات کے مطابق شیعہ علماءکونسل پاکستان اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آف پاکستان کی جانب سے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کیخلاف ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے ، ریلیاں ، سیمینار و دیگر پروگرامزکا انعقاد کیا گیاجس میں علماءکرام، شیعہ علماءکونسل اور جے ایس او کے مرکزی ، صوبائی ، ڈویژنل ، ضلعی و تحصیل کی سطح کے عہدیداران ا ور کارکنان سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

لاہور میں پریس کلب سے اسمبلی ہال تک ریلی شیعہ علماءکونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کی زیر قیادت القدس ریلی نکالی گئی۔

علامہ شبیر حسن میثمی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 رمضان المبارک یوم آزادی پاکستان ہے ۔فلسطین کشمیر یمن شام اور افغانستان کے حالات کی طرف دیکھیں تو واضح ہوتا ہے کہ دنیا میں ظلم بڑھ چکا ہے، انسانیت سسکیاں لے رہی ہے ۔ درندوں کے ہاتھوں بے گناہ مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے جبکہ عالمی ادارے مجرمانہ خاموشی اختیار کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا قبلہ اول کی آزادی قرآن و سنت پر حقیقی معنوں میں عمل درآمد سے مشروط ہے۔ جب تک ہم قرآن و سنت کے مطابق عمل نہیں کرتے قبلہ اول آزاد نہیں ہو سکتا۔ قبلہ اول کی آزادی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ قبلہ اول کی آزادی کے لئے عالم اسلام کو اتحاد و وحدت کے ساتھ قرآن و سنت پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کرنا ہوگا ۔

انہوں نے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی کے لیے جمعة الوداع کو یوم القدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا ۔ امام امت کے حکم پر پاکستان میں قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی اور قائد ملت اسلامیہ علامہ سید ساجد علی نقوی کے حکم پر ملک بھر ہر سال احتجاجی ریلیاں نکال کر فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے۔ انشاءاللہ ہماری آئندہ نسلیں بھی قبلہ اول کی آزادی کی جنگ جاری رکھیں گی ۔ ہم اللہ تعالیٰ کی مدد سے مظلوموں کے ساتھ ظالم کے دشمن بن کر رہیں گے۔

یوم القدس کے موقع پر قراددیں منظور کی گئیں جس میں کہا گیاکہ عوام کا یہ نمائندہ اجتماع عالمی یوم القدس کے موقع پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پرچاروں صوبوں سمیت آزاد کشمیر و گلگت بلتستان کے کروڑوں پاکستانی عوام کے ملک کے گوشے گوشے میں قبلہ اول کی آزادی کے لئے کئے گئے احتجاج کے انعقاد کو تحسین کی نگاہ سے دیکھتا ہے ۔عوام کا یہ نمائندہ اجتماع قبلہ اول پر اسرائیل کے غاصبانہ قبضے کی مذمت کرتا ہے اور اپنے فلسطینی اور لبنانی بھائیوں کے ساتھ مکمل اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ان کے جذبہ حریت کو سلام پیش کرتا ہے اور انہیں اپنے تعاون و حمایت کا بھرپور یقین دلاتا ہے۔یہ نمائندہ اجتماع عالمی سامراج کی طرف سے غاصب‘ غیر قانونی اور انتہاپسند صہیونی ریاست اسرائیل کی کھلی سرپرستی کرنے کی شدید مذمت کرتا ہے اور سامراجی طاقتوں کو باور کراتا ہے کہ وہ کروڑوں عوام کی خواہشات کا احترام کرتے ہوئے اسرائیل کی سرپرستی ترک کردیں اور اسرائیل کو مجبور کریں کہ وہ مقبوضہ فلسطینی علاقے خالی کرتے ہوئے قبلہ اول کو آزاد کرے۔یہ اجتماع اسرائیل کی جانب سے فلسطینی علاقوں میں مزید یہودی بستیوں کی تعمیر جیسے توسیع پسندانہ فیصلوں کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کرتا ہے۔آج کا یہ نمائندہ اجتماع پاکستان میں بڑھتی ہوئی مہنگامی کے طوفان بالخصوص ماہ صیام میں بنیادی اشیائے ضرورت کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے اور دیگر مسائل پر تشویش کا اظہارکرتا ہے ۔ کرپشن اور بدعنوانی کا دور دورہ ہے جو ملک کو لمحہ بہ لمحہ تباہی و بربادی کی جانب دھکیل رہی ہے ان حالات میں یہ نمائندہ اجتماع حکومت سے مطالبہ کرتا ہے کہ وہ شفاف اور غیر جانبدار احتساب کے عمل کو جاری کرے‘ ہوشربامہنگائی اور بے روزگاری پر قابو پائے‘ عوام کو ریلیف فراہم کرنے کے لئے فوری اور ٹھوس اقدامات کرے اور بگاڑ کے ذمہ داروں کو کیفر کردار تک پہنچائے ۔آخر میںاس بات کا بھی عزم کیاگیا کہ قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کے فرمان پر فلسطینی ریاست کے قیام اور قبلہ اول کی آزادی تک جدوجہد جاری رہے گی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=33427