3

لاہور میں شیعہ علماء کونسل کی القدس ریلی، فلسطین کی آزادی کا مطالبہ

  • News cod : 33440
  • 30 آوریل 2022 - 12:20
لاہور میں شیعہ علماء کونسل کی القدس ریلی، فلسطین کی آزادی کا مطالبہ
بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی کے لیے جمعة الوداع کو یوم القدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا، امام امت کے حکم پر پاکستان میں قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی اور قائد ملت اسلامیہ قائد ملت کے حکم پر ملک بھر ہر سال احتجاجی ریلیاں نکال کر فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے۔

وفاق ٹائمز، قائد ملت جعفریہ علامہ سید ساجد علی نقوی کی اپیل پر شیعہ علماء کونسل، جعفریہ اسٹودنٹس آرگنائزیشن سمیت دیگر مذہبی تنظیموں اور شہریوں نے چاروں صوبوں، خیبر پختونخوا، کشمیر، گلگت بلتستان سمیت ملک بھر کے تمام چھوٹے بڑے شہروں میں یوم القدس منایا۔ تفصیلات کے مطابق شیعہ علماء کونسل پاکستان اور جعفریہ اسٹوڈنٹس آف پاکستان کی جانب سے قبلہ اول پر اسرائیلی ناجائز قبضے کیخلاف ملک بھر میں نماز جمعہ کے بعد احتجاجی مظاہرے، ریلیاں، سیمینار و دیگر پروگرامز کا انعقاد کیا گیا، جس میں علماء کرام، شیعہ علماء کونسل اور جے ایس او کے مرکزی، صوبائی، ڈویژنل، ضلعی و تحصیل کی سطح کے عہدیداران ا ور کارکنان سمیت عوام کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔

لاہور میں پریس کلب سے اسمبلی ہال تک شیعہ علماء کونسل کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ شبیر حسن میثمی کی زیر قیادت القدس ریلی نکالی گئی۔ علامہ شبیر حسن میثمی نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 27 رمضان المبارک یوم آزادی پاکستان ہے، فلسطین کشمیر یمن شام اور افغانستان کے حالات کی طرف دیکھیں تو واضح ہوتا ہے کہ دنیا میں ظلم بڑھ چکا ہے، انسانیت سسکیاں لے رہی ہے، درندوں کے ہاتھوں بیگناہ مسلمانوں کا خون بہایا جا رہا ہے، جبکہ عالمی ادارے مجرمانہ خاموشی اختیار کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا قبلہ اول کی آزادی قرآن و سنت پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد سے مشروط ہے، جب تک ہم قرآن و سنت کے مطابق عمل نہیں کرتے قبلہ اول آزاد نہیں ہو سکتا، قبلہ اول کی آزادی ہمارے ایمان کا حصہ ہے۔ قبلہ اول کی آزادی کیلئے عالم اسلام کو اتحاد و وحدت کیساتھ قرآن و سنت پر حقیقی معنوں میں عملدرآمد کرنا ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ بانی انقلاب اسلامی امام خمینی رحمتہ اللہ علیہ نے قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی کے لیے جمعة الوداع کو یوم القدس کے طور پر منانے کا اعلان کیا، امام امت کے حکم پر پاکستان میں قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی اور قائد ملت اسلامیہ قائد ملت کے حکم پر ملک بھر ہر سال احتجاجی ریلیاں نکال کر فلسطینی بھائیوں سے اظہار یکجہتی کیا جاتا ہے۔ انشاءاللہ ہماری آئندہ نسلیں بھی قبلہ اول کی آزادی کی جنگ جاری رکھیں گی۔ ہم اللہ تعالیٰ کی مدد سے مظلوموں کے ساتھ ظالم کے دشمن بن کر رہیں گے۔ یوم القدس کے موقع پر قراددیں منظور کی گئیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=33440