وفاق ٹائمز، لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے حکم پر سی سی پی او لاہور کی ہدایت پر پولیس نے تحریک انصاف کے گرفتار ہونیوالے تمام رہنماوں اور کارکنوں کو رہا کر دیا گیا ہے۔ لانگ مارچ میں شرکت سے روکنے کیلئے لاہور پولیس نے پی ٹی آئی کے سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید، سینیٹر اعجاز احمد چودھری، جمشید اقبال چیمہ، مسرت جمشید چیمہ سمیت ڈیڑھ سو سے زائد رہنماوں اور کارکنوں کو گرفتار کر لیا تھا۔
تحریک انصاف کے لانگ مارچ میں شرکت سے روکنے کیلئے پولیس نے منگل کی رات سابق صوبائی وزیر میاں محمود الرشید کو فارم ہاوس سے گرفتار کرکے گھر میں نظر بند کر دیا تھا۔ اس سے قبل بھی ان کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے گئے تھے، لیکن انہیں پکڑا نہ جا سکا تھا۔ سینٹر اعجاز احمد چودھری کو ماڈل ٹاون سے بدھ کی صبح حراست میں لیا گیا۔ جمشید اقبال چیمہ کو اسلام آباد قافلہ لیجاتے ہوئے آزادی فلائی اوور سے گرفتار کیا گیا جبکہ انکی اہلیہ اور پنجاب اسمبلی کی رکن مسرت جمشید چیمہ کو خواتین کو اسلام آباد لیجانے کی کوشش میں کوسٹر سمیت امامیہ کالونی سے حراست میں لیا گیا تھا۔
دوسری جانب پی ٹی آئی کے دیگر رہنما حماد اظہر، شفقت محمود پولیس کی حراست میں جانے سے بچ گئے تھے۔ پولیس نے ان کی گرفتاری کی کوشش کی مگر وہ پولیس کے ہاتھ نہ لگے۔












