وفاق ٹائمز، نئے مالی سال کا بجٹ آج شام چار بجے پیش کیا جائے گا۔ قومی اسمبلی میں بجٹ پیش کرنے سے قبل وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کا اجلاس ہوا جس میں بجٹ تجاویز پیش کی گئیں۔ اجلاس میں کابینہ نے آئندہ مالی سال کے لیے فائنانس بل 2022-23ء کی منظوری دے دی۔
کابینہ نے بجٹ تجاویز منظور کرتے ہوئے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اور پنشن میں 5 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔ اس کے ساتھ ہی کابینہ نے سرکاری ملازمین کا ایڈہاک الاؤنس بنیادی تنخواہ میں ضم کرنے کی بھی منظوری دے دی۔
قبل ازیں وزیراعظم شہباز شریف کو سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں دس فیصد تک اضافے کی تجویز دی گئی تھی تاہم انہوں ںے تجویز کے برخلاف وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ منظور کیا ہے۔
وزارت خزانہ کی تنخواہوں میں 10 فیصد اضافے کی تجویز کے بر خلاف وزیراعظم شہباز شریف نے وفاقی کابینہ کی منظوری کے بعد سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں 15 فیصد اضافے کی منظوری دے دی۔ الاؤنسز کو بھی بنیادی تنخواہ میں شامل کیا جا رہا ہے۔
کابینہ نے وفاقی ترقیاتی بجٹ 800 ارب روپے رکھنے کی تجویز بھی منظور کی جس کے تحت آئندہ مالی سال کی 1150 ترقیاتی اسکیموں کیلیے فنڈز مختص کیے گئے ہیں۔ ان میں 105 ارب بلوچستان، 68 ارب سندھ، 50 ارب پنجاب اور 48 ارب روپے کے پی کے لیے مختص ہیں۔












