13

شیعان حیدر کرار کو مجالس اور جلوس نکالنے کی مکمل اجازت ہونی چاہیئے، طاہر اشرفی

  • News cod : 36394
  • 24 جولای 2022 - 20:01
شیعان حیدر کرار کو مجالس اور جلوس نکالنے کی مکمل اجازت ہونی چاہیئے، طاہر اشرفی
طاہر اشرفی نے کہا کہ خواتین کو وراثت کا حق دینا شریعت اسلامیہ میں موجود ہے، ریاست پاکستان کیخلاف مسلح بغاوت شرعی طور پر درست نہیں، شیعان حیدر کرار کو مجالس اور جلوس نکالنے کی مکمل اجازت ہونی چاہیئے۔

وفاق ٹائمز،  متحدہ علماء بورڈ پنجاب نے محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کیلئے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا ہے۔ چیئرمین حافظ طاہر اشرفی کا کہنا ہے کہ ملک میں سیاسی عدم استحکام کے خاتمے کیلئے تمام سیاسی جماعتوں کو متحد ہونے کی ضرورت ہے۔ 90 شاہراہ قائداعظم میں ممبران علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، ڈاکٹر راغب حسین نعیمی، علامہ حسن ہمدانی اور مفتی محمد رمضان سیالوی سمیت دیگر کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے چیئرمین متحدہ علماء بورڈ پنجاب حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ نوجوان نسل کے ایمان اور عقیدے کو تباہ کرنیوالوں کیخلاف علیحدہ عدالتیں قائم کی جائیں اور مجرموں کو جلد از جلد سزائیں سنائی جائیں۔

انہوں نے کہا کہ محرم الحرام میں امن و امان کے قیام کو یقینی بنایا جائیگا، لاہور اور اسلام آباد میں کنٹرول روم قائم کئے جائیں گے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ کسی کی جان کے درپے ہونا شریعت اسلامیہ کیخلاف ہے، کارکنوں سے اپیل ہے کہ گالم گلوچ سے پرہیز کریں، تاکہ امن کی فضا قائم ہوسکے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو کافر قرار دینا کسی جماعت یا گروہ کا اختیار نہیں، بلکہ ریاستی اختیار ہے، پاکستان کے تمام مذاہب کو اپنی عبادت گاہوں میں عبادت کا مکمل حق حاصل ہے، آئین پاکستان کی خلاف ورزی کرنیوالوں کو ریاست سزا دے سکتی ہے۔ حافظ طاہر اشرفی نے کہا کہ خواتین کو وراثت کا حق دینا شریعت اسلامیہ میں موجود ہے، ریاست پاکستان کیخلاف مسلح بغاوت شرعی طور پر درست نہیں، شیعان حیدر کرار کو مجالس اور جلوس نکالنے کی مکمل اجازت ہونی چاہیئے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=36394