5

محرم الحرام میں علمائے کرام امن اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دیں، علامہ امداد اللہ قادری

  • News cod : 36568
  • 29 جولای 2022 - 10:09
محرم الحرام میں علمائے کرام امن اور بھائی چارے کے پیغام کو فروغ دیں، علامہ امداد اللہ قادری
منہاج القرآن علما کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں 500سے زائد مقامات پر ”پیغام امام حسین علیہ السلام“ کے عنوان سے کانفرنسز منعقد ہوں گی جن میں تحریک منہاج القرآن کے سکالرز، فلسفہ شہادت امام حسین ؓ  اور شان اہل بیت اطہار پر روشنی ڈالیں گے۔

وفاق ٹائمز، منہاج القرآن علماء کونسل کا اجلاس مرکزی سیکرٹریٹ میں منعقد ہوا۔ اجلاس کی صدارت مرکزی صدر منہاج القرآن علماء کونسل علامہ مفتی امداد اللہ قادری نے کی۔ مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر قادری سمیت مرکزی، صوبائی، ضلعی عہدیداران، علما ئے کرام نے اجلاس میں شرکت کی۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ امداد اللہ قادری نے کہا کہ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں علمائے کرام نواسہ رسول حضرت امام حسین علیہ السلام کے امن، اخوت اور بھائی چارے کے حقیقی پیغام کو فروغ دیں، محرم الحرام میں تمام مکاتب فکر کے علمائے کرام وحدت، یگانگت، یکجہتی اور اخوت و بھائی چارے کا پیغام دیں، نواسہ رسول حضرت امام عالی مقام علیہ السلام نے اپنے عمل سے انسانیت کو برداشت، ضبط اور رواداری کا درس دیا ہے۔ محرم الحرام کا پیغام ظلم کیخلاف ڈٹ جانا ہے، حق اور انصاف کیلئے جدوجہد کرنا، قربانیاں دینا حسینی طرز عمل ہے۔

منہاج القرآن علماء کونسل کے مرکزی ناظم علامہ میر آصف اکبر قادری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ وفاقی و صوبائی حکومتیں محرم الحرام میں ہونے والی مذہبی تقاریب کیلئے فول پروف حفاظتی انتظامات کریں۔ محرم الحرام کے مقدس مہینے میں کچھ شرپسند عناصر اتحاد امت کو نقصان پہنچانے کیلئے تخریبی کارروائیوں کا سہارا لیتے ہیں۔ نفرت پھیلاتے ہیں اور فساد فی الارض برپا کرتے ہیں ایسے تخریبی عناصر کا اتحاد و یکجہتی کے ساتھ مقابلہ کرنا ہو گا۔علامہ میر آصف اکبر قادری نے کہا کہ حکومت بھی ایسے شرپسند عناصر کے خلاف پوری طاقت بروئے کار لائے۔ انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی امن برباد کرنے کی جرات نہیں ہونی چاہیے اور نہ ہی علمائے حق ایسا ہونے دیں گے۔

انہوں نے کہا کہ منہاج القرآن علما کونسل کے زیر اہتمام ملک بھر میں 500سے زائد مقامات پر ”پیغام امام حسین علیہ السلام“ کے عنوان سے کانفرنسز منعقد ہوں گی جن میں تحریک منہاج القرآن کے سکالرز، فلسفہ شہادت امام حسین ؓ  اور شان اہل بیت اطہار پر روشنی ڈالیں گے۔ 9 اور 10 محرم الحرام کی درمیانی شب بعد نماز عشاء مرکزی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاؤن میں ”پیغام امام حسین علیہ السلام کانفرنس“ کا انعقاد کیا جائے گا۔ کانفرنس میں مختلف مکاتب فکر سے تعلق رکھنے والے جید علمائے کرام و مشائخ عظام شرکت کرینگے۔ اجلاس میں علامہ محمد خلیل حنفی، علامہ غلام اصغر صدیقی، علامہ عثمان سیالوی، علامہ رفیق رندھاواو دیگر علمائے کرام نے شرکت کی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=36568