4

مقبوضہ کشمیرمیں آئین شکنی کی بھارتی کارروائیاں یواین قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، قائد ملت جعفریہ

  • News cod : 36899
  • 04 آگوست 2022 - 15:18
مقبوضہ کشمیرمیں آئین شکنی کی بھارتی کارروائیاں یواین قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں، قائد ملت جعفریہ
انہوں نے کہاکہ بابائے قوم محمد علی جناح نے دنیا پر دوٹوک الفاظ میں واضح کردیا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جاسکتا، ہندوستان کا کشمیر پر قبضہ ناجائز اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے لیکن افسوس حقوق بشریت کےلئے صدائے احتجاج بلند کرنیوالوں اور آسمان سرپر اٹھانے والوں کی زبانیں معلوم نہیں کیوں بھارت کےخلاف گنگ ہیں۔

وفاق ٹائمز، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہاہے کہ خطے کا امن، مسئلہ کشمیرحل کئے بغیر ممکن نہیں،مقبوضہ کشمیرمیں آئین شکنی کی بھارتی کارروائیاں یواین قراردادوں کی خلاف ورزی ہیں۔ کشمیریوں کے تشخص، آزادی، حقوق اور جغرافیائی تحفظ کےلئے جرات مند و آزاد خارجہ پالیسی کے ساتھ سفارتی، سیاسی و اخلاقی حمایت میں مزید تیزی لائی جائے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے 2019ءمیں بھارتی مظالم کے ساتھ ساتھ بھارتی آئین میں تبدیلی کرکے کشمیر کو ہتھیانے کے حربے کے خلاف منائے جانیوالے یوم استحصیال کشمیر پر اپنے پیغام میں کیا –

علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ طاقت اور جبر کے زور پر کسی قوم کو دبایا نہیں جاسکتا۔ بی جے پی حکومت کا 2019 میں آرٹیکل 370 کے خاتمہ کااقدام قابل مذمت ہے جس نے مقبوضہ کشمیرکی آبادی کا تناسب آئینی دہشتگردی سے بدلنے کی کوشش کی ،جس کا مقصد بھارت غیرکشمیریوں کو مقبوضہ کشمیر میں بساکر مسلم اکثریت ختم کرناچاہتا ہے۔

انہوں نے کہاکہ بابائے قوم محمد علی جناح نے دنیا پر دوٹوک الفاظ میں واضح کردیا تھا کہ کشمیر ہماری شہ رگ ہے جس پر کوئی کمپرومائز نہیں کیا جاسکتا، ہندوستان کا کشمیر پر قبضہ ناجائز اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے لیکن افسوس حقوق بشریت کےلئے صدائے احتجاج بلند کرنیوالوں اور آسمان سرپر اٹھانے والوں کی زبانیں معلوم نہیں کیوں بھارت کےخلاف گنگ ہیں۔

انہوں نے کہاکہ مسئلہ کشمیر کا حل اقوام متحدہ کی قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق ہونا چاہیے۔ حکومت پاکستان کو اپنی سفارتی کوششوں کو مزید تیز کرنا ہوگا تاکہ مظلوم بھائیوں کو آزادی کی نعمت نصیب ہوسکے۔بھارتی ظلم پر اقوام متحدہ اور ایمنسٹی انٹرنیشنل تک چیخ اٹھے مگر افسوس آج بھی طاقت ور ممالک مفاد کی خاطر بھارت کے ساتھ کھڑے ہیں۔او آئی سی اور خصوصاً اثرو رسوخ رکھنے والی اسلامی ریاستوں کی خاموشی انتہائی تشویشناک ہے اورمفادات سے بالا تر ہو کر تمام اسلامی ممالک کو مظلوم کشمیریوں کی آزادی کیلئے بھر پور کردار ادا کرنا ہوگا۔

علامہ ساجدنقوی نے اس بات پر زور دیا کہ بھارت کو کشمیر پر قبضہ ختم کر دینا چاہیے اور کشمیری عوام کو آزادانہ رائے استعمال کرنے کا حق دینا چاہیے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=36899