4

ملک بھر میں جشنِ عید میلادالنبی ص مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے

  • News cod : 38344
  • 10 اکتبر 2022 - 8:53
ملک بھر میں جشنِ عید میلادالنبی ص مذہبی عقیدت و احترام سے منایا جارہا ہے
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عید میلادالنبیؐ کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں قوم پر زور دیا ہے کہ وہ نبی ص کی سیرت اور تعلیمات پر عمل کریں اور معاشرے اور ملک میں امن قائم کریں۔

وفاق ٹائمز، عید میلادالنبیی ص کے جشن کا آغاز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 جبکہ صوبائی دارالحکومتوں لاہور، پشاور، کراچی اور کوئٹہ میں 21، 21 توپوں کی سلامی سے ہوا۔

اس موقع پر مساجد میں دین اسلام کی سر بلندی، مسلم امہ کے اتحاد، یکجہتی، ترقی و فلاح کے لیے خصوصی دعائیں کی گئیں۔

سرور کائنات ص کے یومِ ولادت کی خوشی میں اہم عمارتوں، مساجد اور گلی محلوں کو برقی قمقموں اور سبز پرچموں سے سجایا گیا ہے۔

اس سلسلے میں کئی مقامات پر رات سے ہی سیرت النبی ص کے پروگرامز، نعتیہ محافل اور جلوسوں کا سلسلہ جاری ہے۔

اس کے علاوہ آج حکومتی اور مذہبی تنظیموں، میلاد کمیٹیوں اور لوگوں کی جانب سے جلسے جلوس، سیرت النبی ص کانفرنسز، سیمینار سمیت مختلف پروگراموں کا انعقاد کیا گیا جبکہ علما، آئمہ حضرات مساجد میں سیرت النبی ص اور حیات طیبہ پر روشنی ڈالیں گے۔

رہنماؤں کا سیرت النبی ص کی پیروی پر زور
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم شہباز شریف نے عید میلادالنبیؐ کے موقع پر اپنے علیحدہ علیحدہ پیغامات میں قوم پر زور دیا ہے کہ وہ نبی ص کی سیرت اور تعلیمات پر عمل کریں اور معاشرے اور ملک میں امن قائم کریں۔

صدر مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ حضور نبی اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی ولادت باسعادت انسانیت کے لیے رحمت کا وعدہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہمارے نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے غلامی کا خاتمہ کیا اور معاشرے میں انصاف قائم کیا۔

وزیراعظم نے اپنے پیغام میں کہا کہ انسانیت صدیوں سے ہمارے نبی محمد رسول اللہ ص کی آمد کا انتظار کر رہی تھی تاکہ جہالت، جبر، ظلم اور استحصال کے سیاہ بادل چھٹ سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ نبی کریم ص مظلوموں، مسکینوں، یتیموں، بیواؤں، غریبوں اور غلاموں کے لیے رہنما، سہارا اور پناہ گاہ تھے۔

چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی سے اس موقع پر اپنے پیغام میں مسلمانانِ عالم اسلام اور خاص طور پرتمام اہل وطن کومبارکباد پیش کرتے ہوئے اللہ تعالیٰ سے دعا کی کہ اس بابرکت دن کی فضلیت وسعادت سے ہر مسلمان کا دل نور سے منوراور روشن کر دے۔

انہوں نے کہا کہ اخوت اور بھائی چارے کی فضاء قائم کرنے کے لئے اسوہ حسنہ رسول صلی اللہ علیہ و آلہ وسلم کی پیروی ناگریز ہے کیونکہ ہماری بقا اور دینی و دنیاوی کامیابی کا انحصار اسوہ حسنہ کی مکمل پیروی پر منحصر ہے۔

وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اپنی ٹوئٹ میں کہا کہ پاکستانی قوم سمیت پوری امتِ مسلمہ کو عید میلاد النبی ص کی مبارکباد پیش کرتا ہوں، آمدِ رسول ص سے انسانیت نے اپنے کھوئے ہوئے اعلیٰ اقدار اور اخلاقیات کو واپس حاصل کیا۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ حضرت محمد ص کے بتائے ہوئے بقائے باہمی کے اصولوں، تعاون، رواداری اور برداشت کی اقدار کی مکمل پیروی سے دنیا میں تنازعات و کشیدگی کا خاتمہ ہو سکتا ہے، آپ کے بتائے ہوئے راستے پر چلنے سے کرہِ ارض امن اور خوشحالی کا گہوارہ بن سکتی ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=38344