8

مقصدتقسیم ، اسٹیبلشمنٹ کا نئے وفاق المدارس بنانے کا تجربہ ناکام رہا، علامہ مرید نقوی

  • News cod : 38375
  • 13 اکتبر 2022 - 11:14
مقصدتقسیم ، اسٹیبلشمنٹ کا نئے وفاق المدارس بنانے کا تجربہ ناکام رہا، علامہ مرید نقوی
وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے جامعتہ المنتظر میںصحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا ہے کہ چاروں مکاتب فکر اور جماعت اسلامی سمیت پانچ وفاق المدارس ’ اتحاد تنظیمات مدارس‘ کے پلیٹ فارم پر موجو د ہیں۔نئے مدارس کی تشکیل کا مقصدتقسیم کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وفاق المدارس الشیعہ پاکستان کے نائب صدر علامہ سید مرید حسین نقوی نے جامعتہ المنتظر میںصحافیوں کے سوالات کے جوابات دیتے ہوئے کہا ہے کہ چاروں مکاتب فکر اور جماعت اسلامی سمیت پانچ وفاق المدارس ’ اتحاد تنظیمات مدارس‘ کے پلیٹ فارم پر موجو د ہیں۔نئے مدارس کی تشکیل کا مقصدتقسیم کے علاوہ کچھ نہیں تھا۔اسٹیبلشمنٹ نے اپنے مقاصدکے حصول کیلئے نئے وفاق تشکیل دیئے تاکہ اسلامی تعلیمی بورڈ ز کی قوت کو تقسیم کیا جاسکے مگر وہ تجربہ ناکام ہو چکا ہے۔ وفاق المدارس کی پانچوں تنظیمیں متحد ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ رجسٹریشن سمیت تمام معاملات حل ہوجائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ علماءکو سیاست میں حصہ لینا چاہیے، ان کی سیاست میں دلچسپی ہے لیکن الیکشن لڑنے کا کوئی ارادہ نہیں ہے۔ علامہ مرید نقوی نے کہا کہ نصیریت کے نام پر قرآن اور سیرت محمد و آل محمد کے خلاف منبر حسینی سے جو باتیں کی جا رہی تھیں وہ جہالت پر مبنی ہیں،مکتب اہل بیت کوبدنام کرنے والے جاہل سازشی عناصرکے خلاف خود اہل تشیع عوام نے مقدمات درج کروائے ،جس کی وجہ سے جہالت کا مظاہرہ جو کیا جا رہا تھا وہ کم ہوگیا ہے ۔اس کے باوجود علماءاور عوام بیدار ہیں جب بھی اسلام اور شیعہ عقائد کے خلاف کوئی بات کرے گا تو اس کے دفاع کے لئے ہم موجود ہیں ۔

انہوں نے مرحوم قاضی نیاز حسین نقوی کی اسلامی ملی خدمات کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ سابق نائب صدر وفا ق المدارس بارے اہل سنت علماءسے تعریفی باتیں سن کر خاصی حیرت ہوئی۔ صحافیوں نے جامعةالمنتظر کے مختلف شعبہ جات اوروفاق المدارس کے دفتر کا بھی دورہ کیا۔انہوں نے ایک لاکھ سے زائد کتب کے ذخیرے پر مشتمل لائبریری میںکافی دلچسپی لی جہاں مختلف علمی موضوعات پر کتب رکھی گئی ہیں۔بریفنگ دیتے ہوئے صحافیوں کو بتایا گیا کہ لائبریری میں کل 75 تفاسیر قرآن موجود ہیں جن میں 40 شیعہ اور باقی 35 سنی مفسرین کی تحریر کردہ ہیں۔

یہاں مولانا صفدر حسین نجفی کا ہاتھ سے تحریر کردہ تفسیر نمونہ کے ترجمے کا مسودہ، 1964 سے قومی اخبارات جامعةالمنتظر کا پہلے حوزہ اور اب المنتظر کے نام سے ماہنامے کی کاپیاں بھی موجود ہیں۔ مولانا زاہد عباس کاظم نے بتایا کہ لائبریری میں موجود کتب سے نہ صرف جامعہ کے طلباءمستفید ہوتے ہیں بلکہ پنجاب یونیورسٹی سمیت مختلف جامعات کے طلبا ءو طالبات بھی تحقیق کے لئے آتی ہیں۔ان دنوں پنجاب یونیورسٹی کی ایک طالبہ تفسیرنمونہ پر پی ایچ ڈی مقالے کے لئے تحقیقات کر رہی ہے ۔انہوں نے سنی علماءکی شیعہ لائبریری میں موجود کتب بارے سوال کے جواب میں کہا کہ تعصب کا شکار لائبریری کبھی کامیاب نہیں ہوسکتی۔المنتظر لائبریری میں اسلام کے مخالف مذاہب کی کتب بھی موجود ہیں۔ اہل سنت علماءمولانا مودودی ، مولانا ابوالکلام آزاد، مولانا طاہر القادری، اور دیگر مصنفین کی کتب بھی موجود ہیں ۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=38375