9

ہم وطن ِعزیز کو امریکہ کی کالونی نہیں بننے دیں گے، تعمیر وطن کانفرنس

  • News cod : 39198
  • 30 اکتبر 2022 - 10:49
ہم وطن ِعزیز کو امریکہ کی کالونی نہیں بننے دیں گے، تعمیر وطن کانفرنس
ملی یکجہتی کونسل کے رہنماء سید ثاقب اکبر نقوی نے کہا کہ قوموں کو اپنی تقدیر کے فیصلے خود کرنے چاہیئں۔ فکری آزادی کے بغیر استحکام پاکستان کا سفر ممکن نہیں۔ پاکستان کا مستقبل روشن اور مستحکم ہے۔

وفاق ٹائمز ، عالمی سرمایہ دارانہ نظام سے چھٹکارے کے بغیر حقیقی آزادی ممکن نہیں، تعمیر وطن کیلئے تحریک پاکستان کے جذبے کی ضرورت ہے۔ لاہور میں امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے سالانہ مرکزی کنونشن کی “تعمیر وطن کانفرنس” سے مقررین کا خطاب کہتے ہیں، عالمی سرمایہ دارانہ نظام سے چھٹکارے کے بغیر حقیقی آزادی ممکن نہیں۔ مجلس وحدت مسلمین کے رہنماء ناصر عباس شیرازی نے کہا کہ قیام پاکستان کے بعد وطنِ عزیز کی جغرافیائی وحدت کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرکے نظریہ پاکستان کو نقصان پہنچانے کی کوشش کی گئی، آئی ایس او پاکستان کے نوجوان نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کے محافظ ہیں۔ سرحد کے محافظ ہمارے سروں کے سرتاج ہیں۔ پاکستان کو لبرل ازم کی بنیاد پر نہیں، اسلام کے نام پر بنایا گیا۔ ہم وطن ِعزیز کو امریکہ کی کالونی نہیں بننے دیں گے۔ ملک کو درپیش حالات کے پیش نظر ہم ملک کی نظرتی و جغرافیائی سرحدوں کی محافظت کرتے ہوئے تعمیرِ وطن کریں گے اور عالمی استعمار کے خلاف قیام کریں گے۔

ملی یکجہتی کونسل کے رہنماء سید ثاقب اکبر نقوی نے کہا کہ قوموں کو اپنی تقدیر کے فیصلے خود کرنے چاہیئں۔ فکری آزادی کے بغیر استحکام پاکستان کا سفر ممکن نہیں۔ پاکستان کا مستقبل روشن اور مستحکم ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان اسلامی ایسے سماج کی صورت میں ڈھل جائے گا کہ جب امام مہدی کا ظہور ہوگا تو پاکستان سے ایک لشکر شامل ہوگا۔ امت واحدہ پاکستان کے سربراہ علامہ محمد امین شہیدی نے کہا کہ عالمی سرمایہ دارانہ نظام سے چھٹکارہ حاصل کئے بغیر پاکستان فکری آزاد نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے مزید کہا کہ آزاد فکری تعمیر کے بغیر تعمیر وطن ممکن نہیں۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمیں تقسیم در تقسیم کیا گیا۔ پاکستان کی جامعات میں مغربی ثقافت کو فروغ دیا جا رہا ہے، جس میں تعلیمی ادارے بھی ملوث ہیں۔ علامہ امین شہیدی نے کہا کہ حکومتیں ورلڈ بنک سے قرض کے ساتھ مغربی ثقافت کو ہمراہ لاتی ہیں۔ عالمی سرمایہ دارانہ نظام سے چھٹکارے کے بغیر حقیقی آزادی ممکن نہیں، تعمیر وطن کیلئے ملک کے بچے بچے کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔

کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین کے سربراہ علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے کہا کہ یہ پہلا موقع ہے کہ پوری قوم امریکہ مخالف اور آزاد پاکستان بیانیہ کے تحت متحد ہوچکی ہے، ملت تشیع پاکستان کو اپنا کلیدی کردار ادا کرنا ہوگا۔ امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی صدر زاہد مہدی نے کہا کہ آئی ایس او پاکستان نے سب سے پہلے سرزمینِ وطن سے امریکہ مخالف بیانیہ کی ترویج کی، آج یہ قومی بیانیہ بن چکا ہے، تعمیر وطن کیلئے تحریک پاکستان کے جذبے کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں فخر ہے کہ ہمارے نوجوان وطن کی نظریاتی و جغرافیائی سرحدوں کی حفاظت کیلئے ہمہ وقت تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایس او نسل نوء کی تربیت اسلامی خطوط پر کر رہی ہے، جس سے استعمار کو پاکستان میں پنپنے کا موقع نہیں ملے گا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=39198

ٹیگز