9

جامعة الکوثر میں “فاطمة علیھا السلام کوثر العطاء” کانفرنس منعقد

  • News cod : 40805
  • 01 دسامبر 2022 - 20:10
جامعة الکوثر میں “فاطمة علیھا السلام کوثر العطاء” کانفرنس منعقد
کانفرنس میں پاکستان بھر میں محراب و منبر کی زینت بننے والے جامعة الکوثر کے خطباء و مبلغین کرام کو مدعو کیا گیا تھا

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق ، المصطفی آڈیٹوریم جامعة الکوثر میں ایام فاطمیہ کے استقبال کی خاطر فاطمة علیھا السلام کوثر العطاء کے نام سے ایک کانفرنس منعقد ہوئی۔ جس میں پاکستان بھر میں محراب و منبر کی زینت بننے والے جامعة الکوثر کے خطباء و مبلغین کرام کو مدعو کیا گیا تھا۔ کانفرنس کا مقصد ادارہ ھذا کے خطباء کرام کی حوصلہ افزائی اور بزرگ علمائے کرام کے موعظہ حسنہ سے خطباء کرام کو مستفید کرانا تھا۔ اس پرنور کانفرنس کا با قاعدہ آغاز مدرسہ حفاظ سکردو کے طالب علم حافظ فیض اللہ نے تلاوت کلام الٰہی سے کیا۔ پھر شعبہ تبلیغات الکوثر کے کوارڈینیٹر مولانا نقاش الحسنین نے استقبالیہ کلمات پیش کئے۔ اس کے بعد مدرسہ حفاظ سکردو کے تواشیح گروہ نے علامہ اشرف اخونزادہ کا خطابت کے موضوع پر لکھا ہوا تازہ کلام، دلنشین انداز میں پیش کرکے سامعین کو محذوذ کیا۔ بعد ازآں مختلف مقامات پر خدمات انجام دینے والے جامعة الکوثر کے فاضل اہل منبر کی نمائندگی میں خطیب جامع مسجد بوستان زہراء فیصل آباد مولانا دلاور علی نجفی، کے پی کے میں سرگرم عمل مولانا شبیب حسین، پرنسپل جامعہ مرتضی چکوال مولانا نعیم عباس نجفی اور پرنسپل الھادی ایجوکیشن سسٹم مولانا سید محمد علی ہمدانی نے اظہار خیال فرماتے ہوئے اپنی تجربات و مشاہدات سے آگاہ فرمایا۔ پھر مولانا صابر حسین سراج نے خطباء و مبلغین تک مستند تبلیغی مواد پہنچانے اور جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لاتے ہوئے سلسلہ تبلیغ و ترویج دین کی خاطر تشکیل کردہ ویب سائٹ رسالات کے بارے ملٹی میڈیا پریزینٹیشن پیش کیا۔ اس کے بعد مسئول شعبہ تبلیغات الکوثر علامہ اشرف حسین اخونزادہ نے شعبہ تبلیغات کی ضرورت و فعالیت پر روشنی ڈالی۔ پھر بزرگ عالم دین علامہ شیخ محمد شفا نجفی اور اس نشست کے مہمان خصوصی علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے خطباء کرام کو اپنے موعظہ حسنہ سے نوازتے ہوئے عملی تبلیغ انجام دینے کی تاکید فرمائی۔ آخر میں شیخ الجامعہ مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ نے کلیدی خطاب کرتے ہوئے منبر و محراب کی ذمہ داری نبھانے والے فاضلین کو خراج تحسین پیش کیا۔ اور نصیحت فرمائی کہ منبر کی اس انتہائی پروقار ذمہ داری کو نبھاتے ہوئے خودداری اور اخلاص کی صفت سے اپنے آپ کو آراستہ کرنا نہ بھولیں۔ یوں یہ نورانی نشست دعائیہ کلمات کے ساتھ اپنے اختتام کو پہنچی۔ اس کانفرنس کی نظامت کے فرائض جامعہ کے فاضل طالب علم جوان خطیب مولانا حسنین عباس نے بخوبی انجام دئیے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=40805

ٹیگز