وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل سید معمر نقوی نے کعبۃ اللہ میں یوم مولود کعبہ منانے والے منادی ولایت امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام علامہ ناظر عباس تقوی کی سعودی رجیم کے ہاتھوں گرفتاری کی سخت مذمت کی ہے۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی رہنماء نے اسیر ولایت امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام، شیعہ علماء کونسل کے مرکزی رہنماء علامہ ناظر عباس تقوی کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ ولایت امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام ہماری پہچان ہے، کسی بھی قسم کا جبر ہمیں ہمارے راستے سے نہیں ہٹا سکتا۔ آئی ایس او پاکستان کے مرکزی جنرل سیکرٹری سید معمر نقوی نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ ہم حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کرتے ہیں کہ علامہ ناظر تقوی کی رہائی کیلئے فی الفور عملی اقدامات کیے جائیں۔
واضح رہے کہ جشن مولود کعبہ کے موقع پر عالم عرب اور اسلامی جمہوریہ ایران سے تعلق رکھنے عمرہ کرنیوالے زائرین کی طرح شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی رہنما علامہ ناظر عباس تقوی نے بھی بیت اللہ میں علی ولی اللہ کا بینر لہرا کر ولادت باسعادت امیرالمومنین حضرت علی علیہ السلام سے عقیدت کا اظہار کیا تھا، جس کی پاداش میں بنو امیہ کے دور حکومت کی یاد تازہ کرتے ہوئے سعودی رجیم نے انہیں گرفتار کر لیا ہے۔ اس واقعہ کے بعد محبان اہلبیت علیہم السلام میں سخت تشویش اور بے چینی پائی جاتی ہے۔












