17

جامعۃالکوثر کا سالانہ پروگرام برائے فارغ التحصیلان خوبصورت روایات کا امین

  • News cod : 44980
  • 13 مارس 2023 - 6:53
جامعۃالکوثر کا سالانہ پروگرام برائے فارغ التحصیلان خوبصورت روایات کا امین
پروگرام میں فارغ التحصیل طلاب کرام کے سر پر تاج روحانیت ، عمامہ عز و شرف بدست شیخ الجامعہ رکھا گیا اور ان طلاب کرام کو اسناد سے نوازا گیا

وفاق ٹائمز ، دینی مدارس میں طلاب کا آنا اور مختلف مراحل تک علم حاصل کر کے جانا ایک عمومی صورتحال ہے ، لیکن کسی مدرسے کے طلاب کا پوری دلجمعی کے ساتھ مدرسے کا پورا کورس مکمل کر کے باعزت اور باوقار انداز میں فارغ التحصیل ہونا ادارہ اور طلاب دونوں کے لئے قابل فخر اور باعث عزت ہے ۔ جامعۃالکوثر اسلام آباد کو بلا شبہ یہ منفرد اعزاز حاصل ہے کہ یہ قابل فخر ادارہ ہر سال دسیوں کی تعداد میں طلاب کو باقاعدہ فارغ التحصیل کر کے باعزت انداز میں انہیں اعلی تعلیم کی راہوں کے راہی بناتی ہے ۔ جامعۃالکوثر اپنے طلاب کو کسی بھی مرحلے میں اپنے سے جدا نہیں کرتی ، کفایہ تک خود جامعہ میں پھر حوزہ علمیہ نجف الاشرف میں بھرپور رہنمائی اور معاونت پھر حوزہ سے واپسی پر بھی ہر ممکن طریقے سے معاونت و رہنمائی فراہم کرنے کی خوبصورت روایت جامعہ الکوثر کو دنیا بھر کو حوزہ ہائے علمیہ میں ایک منفرد مقام عطا کرتی ہے ۔

جامعۃالکوثر فارغ التحصیل ہونے والے طلاب کے اعزاز میں مسجد جامعہ الکوثر میں خوبصورت سٹیج سجایا گیا، جامعۃالکوثر کے پنڈی اسلام آباد میں خدمات انجام دینے والے فارغ التحصیلان ، حالیہ طلاب کرام اور اساتذہ کرام کے علاوہ جامعہ اہل البیت علیہم السلام کے اساتذہ کرام وطلاب عزیز اس پروگرام میں شریک تھے ، خصوصا استاد بزرگوار علامہ شیخ محمد شفا ءنجفی دام ظلہ اور شیخ الجامعہ مفسر قرآن علامہ شیخ محسن علی نجفی دام ظلہ کی شرکت نے اس پروگرام کی رونق کو دوبالا کر دیا ۔ تلاوت کلام پاک کا شرف کوثر کے طالب علم جناب قاری غلام رسول نے حاصل کیا ، اس کے بعد طالبعلم برادر مظاھر حسین نے امام مھدی عجل اللہ تعالی فرجہ الشریف سے متعلق مدلل گفتگو کی سابقہ روایت کو برقرار رکھتے ہوئے طلاب کرام کی جانب سے جامعۃالکوثر کے مرحوم اساتذہ کو زبردست الفاظ میں خراج تحسین پیش کیا گیا ،یہ سعادت خوبصورت لب ولہجے کے مالک جامعۃالکوثر کے بہترین خطیب طالب علم جناب محسن کاظمی دام عزہ کے حصے میں آئی ۔جبکہ فارغ التحصیل ہونے والے طلاب کی نمائندگی بجا طور پر کوثر کے درخشاں چہروں میں سےایک نمایاں چہرہ معروف خطیب جناب حسنین عباس کے حصے میں آئی ، انہوں نے شیخ الجامعہ ،اساتذہ اور دیگر تمام افراد جو کسی بھی طرح سے جامعہ کی خدمت میں مشغول ہیں سب کا نہایت دلنشیں انداز میں شکریہ ادا کیا ،اس موقع پر جہاں شاعر اہل بیت جناب سید غیور زیدی نے اس پروگرام کے حوالے سے اور ولادت باسعادت امام زمانہ عجل اللہ تعالی فرجه الشريف کی مناسبت سے اشعار پیش فرما کر حاضرین محفل کے حس عقیدت کی تسکین کا سامان کیا ، وہاں طلاب الکوثر کے تواشیح گروپ نے خوبصورت انداز میں تواشیح پیش کر کے لطف دوبالا کردیا ، جامعہ اھل بیت کے طلاب کرام کےگروہ تواشیح نے جب ترانہ کوثر پیش کیا تو محفل میں موجود تمام حاضرین نے خوب سراہا ، شعبہ تحقیق کے زیر انتظام ہونے والے مقالہ نویسی مقابلے کی تفصیل اور تحقیق کی اہمیت کے بارے استاد جامعہ ڈاکٹر علامہ علی حسین عارف نے مختصر گفتگو فرمائی استاد العلماء علامہ شیخ محمد شفاءنجفی دام ظلہ نے دلنشیں انداز میں وعظ و نصیحت کا حق ادا کیا ، طلاب کرام کو خدمت دین کی راہ میں صبر استقامت اور اخلاقی اقدار کی حفاظت پر زور دیا ، مدیر جامعة الكوثر استاد محترم علامہ شیخ انور علی نجفی دام ظلہ نے اپنے بہت مختصرمگر مفید خطاب میں فارغ التحصیل ہونے والے طلاب کو مبارک باد کے ساتھ ساتھ اساتذہ کرام کا شکریہ ادا کیا، اور طلاب کرام سے آئندہ بھی مربوط رہنے اور ہر قسم کی تعاون کے لئے آمادگی کا اظہار کیا۔طالب علم سید غیور نقوی نے منقبت پیش کی ، جبکہ اس پروگرام کو اپنی بہترین نطامت کے ساتھ شروع سے آخر تک طالبعلم جناب ذیشان علی نے دلچسپ بنائے رکھنے کا ہنر دکھایا در اصل اس پروگرام کی جان ، پروگرام کا اختتامی حصہ تھا ، جس میں فارغ التحصیل طلاب کرام کے سر پر تاج روحانیت ، عمامہ عز و شرف بدست شیخ الجامعہ رکھا گیا اور ان طلاب کرام کو اسناد سے نوازا گیا ۔اس پروگرام میں شیخ الجامعہ کے معتمد ، جامعةالکوثر کے بہترین خدمت گزار استاد شیخ مھدی کریمی کو ان کی بے لوث خدمات کے اعتراف میں شیخ الجامعہ کے دست مبارک سے شیلڈ دی گی ۔اس خوبصورت محفل کا اختتام دعائے امام زمانہ کے ساتھ ہوا ۔اللہ رب العالمین جامعةالکوثر کو مزید خدمات کہ توفیق عطا فرمائے ، شیخ الجامعہ کو صحت سلامتی کے ساتھ طول عمر عطا فرمائے ۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=44980

ٹیگز