5

جامعہ الکوثر میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ برائے مبلغین عظام کا انعقاد

  • News cod : 45122
  • 18 مارس 2023 - 13:36
جامعہ الکوثر میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ برائے مبلغین عظام کا انعقاد
اس ورکشاپ کے پہلے دن علامہ شیخ محمد شفا نجفی دام ظلہ نے تبلیغ دین میں مبلغ کے ذاتی کردار کے اثرات جیسے اہم موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی

وفاق ٹائمزکی رپورٹ کے مطابق، ماہ مبارک وہ بابرکت و با فضیلت مہینہ ہے کہ جس کے شب و روز انسانی تربیت کے لئے موزوں ترین مواقع فراہم کرتے ہیں۔اس ماہ مبارک میں اگرچہ قریہ قریہ افطار و ضیافت کے پرہجوم مناظر تو دیکھنے کو ملتے ہیں تاہم انسانی تربیت کے لئے حقیقی اہتمام خال خال ہی دکھائی دیتا ہے ایسے میں دینی مدارس کی یہ کلیدی ذمہ داری ہے کہ وہ اس انسان ساز مہینے کی اہمیت و افادیت کو اجاگر کرنے اور تعلیمات قرآن و اہلبیت کی روشنی میں اس کی بابرکت ساعتوں میں پوشیدہ روحانی اسرار سے عامتہ الناس کو آگاہ کرنے کے لئے خصوصی اہتمام کریں پس اسی مقصد وحید کے پیش نظر وطن عزیز کی مایہ ناز دینی درسگاہ جامعہ الکوثر میں دو روزہ تربیتی ورکشاپ برائے مبلغین عظام کا اہتمام کیا گیا چنانچہ 18 اور 19 مارچ بروز ہفتہ و اتوار منعقدہ اس ورکشاپ کے پہلے دن علامہ شیخ محمد شفا نجفی دام ظلہ نے تبلیغ دین میں مبلغ کے ذاتی کردار کے اثرات جیسے اہم موضوع پر سیر حاصل گفتگو کی جبکہ علامہ شیخ انور علی نجفی دام ظلہ نے تبلیغ دین میں جدید وسائل ابلاغ کا استعمال کے موضوع پر دور حاضر کے تقاضوں کی روشنی نہایت معلومات افزا درس دیا۔
دو روزہ ورکشاپ میں علامہ شیخ انتصار حیدر جعفری دام ظلہ نے منبر سے عقائد کا بیان حقیقت کا اظہار مگر سلیقے کے ساتھ جیسے اہم اور مفید موضوع پر خطاب فرمایا۔مذکورہ ورکشاپ میں مولانا اشرف حسین اخونزادہ دام عزہ کا موضوع سخن تبلیغ دین میں سماجی نفسیات تھا۔جسے شرکاء نے نہایت توجہ اور انہماک سے ملاحظہ کیا۔واضح رہے کہ تربیتی ورکشاپ میں اہم موضوعات پر قابل قدر اور نہایت معلومات افزا لیکچرز کا یہ سلسلہ کل بھی جاری رہے گا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=45122

ٹیگز