2

عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا مقدر رسوائی اور ناکامی کے سوا کچھ نہیں، علامہ ناصر عباس جعفری

  • News cod : 45158
  • 19 مارس 2023 - 6:41
عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا مقدر رسوائی اور ناکامی کے سوا کچھ نہیں، علامہ ناصر عباس جعفری
زمان پارک عمران خان کے گھر پر سیاسی، انتقامی آپریشن کی شدید مذمت کرتے ہیں

وفاق ٹائمز ، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے چیئرمین علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ زمان پارک عمران خان کے گھر پر سیاسی، انتقامی آپریشن کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ آج لاہور میں عدالتی احکامات کے باوجود جس طرح پنجاب پولیس نے یلغار کرتے ہوئے چادر اور چار دیواری کے تقدس کو پامال کیا ہے، انتہائی افسوس ناک ہے۔ پیٹھ پیچھے کسی کے گھر پر چڑھ دوڑنا بزدلانہ اور باعث شرم اقدام ہے۔ پولیس کی جانب سے اب بے بنیاد الزامات لگا کر قوم کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کی ناکام کوشش کی جا رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلا جواز کارکنوں کی گرفتاری اور لاٹھی چارج خلاف قانون اور بنیادی انسانی حقوق کی کھلم کھلا خلاف ہے۔‏

اقتدار کے نشے میں مست حکمرانوں کا عبرتناک انجام نوشتہُ دیوار ہے، بے ڈھنگے اداکاروں کا یہ اسٹیج ڈرامہ ختم ہونے کو ہے۔ عوام کے حق پر ڈاکہ ڈالنے والوں کا مقدر رسوائی اور ناکامی کے سوا کچھ نہیں۔ آزادی کی جنگ لڑنے والے بہادروں پر سلام‏، یہ دراصل عوامی امنگوں اور آرزوؤں کی جدوجہد ہے، جس کے حصول کے لیے جہد مسلسل کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت اور اس کے سہولت کار ملکی سلامتی اور معاشی استحکام کے خلاف ایسے اقدامات کر رہے ہیں کہ ان کے ہوتے ہوئے قوم کو کسی دشمن کی ضرورت نہیں، طاقت کے نشے میں بدمست یہ اشرافیہ عوامی شعور اور بیداری سے خوفزدہ ہے۔ ان شاء اللہ فتح عوامی جدوجہد کی ہوگی، رسوائی ان ظالموں کا مقدر ٹھہرے گی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=45158

ٹیگز