3

شہید مرتضٰی مطہری کے افکار انقلاب اسلامی کی نظریاتی اساس ہیں، علامہ مقصود ڈومکی

  • News cod : 46889
  • 02 می 2023 - 17:47
شہید مرتضٰی مطہری کے افکار انقلاب اسلامی کی نظریاتی اساس ہیں، علامہ مقصود ڈومکی
علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شہید مرتضٰی مطہری رحمۃ اللہ علیہ کے افکار انقلاب اسلامی کی نظریاتی اساس ہیں۔ شہید مرتضٰی مطہری کی کتابوں کا مطالعہ آج بھی نوجوان نسل کی حقیقی اسلام سے آشنائی کا باعث ہیں

وفاق ٹائمز، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم علامہ مقصود علی ڈومکی نے عالم اسلام کے مایہ ناز مفکر فلاسفر اور فقیہ حضرت آیت اللہ شہید مرتضٰی مطہری رحمۃ اللہ علیہ کے یوم شہادت اور یوم معلم کے موقع پر کہا ہے کہ شہید مرتضی مطہری نے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آھنگ دین اسلام کی تشریح کی۔ ان کے افکار و تعلیمات نوجوان نسل کے لئے رہنماء ہیں۔ حوزہ علمیہ کے ممتاز و بیدار علماء جنہوں نے یونیورسٹیز کے طلباء کی درست سمت میں رہنمائی کرتے ہوئے دین مقدس اسلام کی حقیقی تعلیمات کو نئی نسل کے ذہنوں میں راسخ کیا، ان میں آیت اللہ شہید مرتضٰی مطہری، آیت اللہ سید محمد باقر الصدر، شہید آیت اللہ سید محمد حسین حسینی بہشتی اور آیت اللہ شہید مفتح جیسی شخصیات کی علمی خدمات ناقابل فراموش ہیں۔ جنہوں نے مدارس دینیہ اور یونیورسٹیز کے درمیان فاصلوں کو کم کرتے ہوئے عصری تقاضوں کے مطابق دین کی درست تشریح کی۔

علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا کہ شہید مرتضٰی مطہری رحمۃ اللہ علیہ کے افکار انقلاب اسلامی کی نظریاتی اساس ہیں۔ شہید مرتضٰی مطہری کی کتابوں کا مطالعہ آج بھی نوجوان نسل کی حقیقی اسلام سے آشنائی کا باعث ہیں۔ بہترین انداز بیان، اعلیٰ علمی مقام اور عصری تقاضوں اور ضروریات کی درست تشخیص کے سبب نصف صدی گزر جانے کے باوجود شہید مرتضٰی مطہری کا عالم اسلام میں کوئی ثانی نظر نہیں آتا۔ ان کی شہادت سے جو خلا پیدا ہوا، اسے آج تک پر نہیں کیا جا سکا۔ شہید مرتضٰی مطہری رحمۃ اللہ علیہ کے افکار و کردار میں حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کی شخصیت کا عکس نظر آتا تھا۔ وہ رہبر کبیر حضرت امام خمینی رحمۃ اللہ علیہ کے مورد اعتماد شاگرد تھے۔ جنہیں قائد شہید علامہ عارف حسین الحسینی کی طرح رہبر کبیر نے اپنا فرزند قرار دیا تھا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=46889