9

صبر انسان کو کمال تک پہنچاتا ہے، حجت الاسلام اخوان

  • News cod : 47289
  • 16 می 2023 - 10:20
صبر انسان کو کمال تک پہنچاتا ہے، حجت الاسلام اخوان

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام صادق اخوان نے صبر کو ایک اہم اخلاقی صفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خداوند عالم […]

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، حجت الاسلام صادق اخوان نے صبر کو ایک اہم اخلاقی صفت قرار دیتے ہوئے کہا کہ خداوند عالم نے انسان کو ایک ہدف اور مقصد کے تحت خلق کیا ہے، لہٰذا انسان کو ان اہداف و مقاصد کو پہچاننے کی ضرورت ہے، کیونکہ انسان کی خلقت کا حقیقی اور اصلی ہدف قرب الہی کا حصول اور کمال تک پہنچنا ہے۔ انسان کی اصل کامیابی یہ ہے کہ وہ اپنے ہدف تک پہنچ جائے۔

انہوں نے دنیوی زندگی کو اس اصلی ہدف و مقصد تک پہنچنے کیلئے تلاش و کوشش کا میدان قرار دیتے ہوئے کہا کہ انسان کو زندگی بھر مختلف مشکلات و رکاوٹوں کا سامنا ہوتا ہے کہ یہ دنیوی مشکلات و مصائب ہدف تک پہنچنے میں رکاوٹ ہوتے ہیں، لہٰذا انسان کو اپنے اہداف تک پہنچنے کیلئے ان مشکلات کے مقابلے میں صبر و استقامت کا مظاہرہ کرنا چاہیئے کیونکہ یہی صبر و استقامت ہے جو ہمیں کامیابی سے ہمکنار کرتی ہے۔ جو کوئی علم کے حصول میں کامیاب ہونا چاہتا ہے اسے اس راستے میں درپیش مشکلات کے سامنے استقامت کا مظاہرہ کرنا چاہیئے۔

انہوں نے قرآن کریم کی آیات کی جانب اشارہ کرتے ہوئے کہ جن میں انبیاء و اولیاء الٰہی علیہم السلام اور مؤمنوں کو صبر و استقامت کی دعوت دی گئی ہے کہا کہ خداوند عالم نے پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم سے خطاب کرتے ہوئے فرمایا: “فاصبر کما صبر اولواالعزم من الرسل”؛ اے پیغمبر! صبر کیجئے جس طرح اولوا العزم پیغمبروں نے صبر کیا۔ اسی طرح اہل ایمان کو مخاطب کر کے فرماتا ہے: “یا ایها الذین آمنوا استعینوا بالصبر و الصلوة ان اللّه مع الصابرین”؛ اے ایمان والو! صبر و استقامت اور نماز سے مدد لو، بیشک اللہ صابرین کے ساتھ ہے۔ اسی طرح سوره آل عمران میں فرماتا ہے: “یا ایها الذین آمنوا اصبروا و صابروا و رابطوا و اتقوا اللّه لعلکم تفلحون”؛ اے ایمان والو!صبر سے کام لو استقامت کا مظاہرہ کرو، مورچہ بند رہو اور اللہ سے ڈرو تاکہ تم کامیابی حاصل کر سکو۔ خداوند عالم نے ان آیات میں مشکلات و مصائب کے سامنے صبر و استقامت کے ساتھ ڈٹ کر کھڑے ہونے کو کامیابی اور سعادت تک پہنچنے کی کنجی قرار دیا ہے۔

انہوں نے یہ بیان کرتے ہوئے کہ نفسانی خواہشات کے مقابل صبر انسان کو کمال تک پہنچاتا ہے، کہا کہ دینی اصطلاح میں صبر سکوت نہیں بلکہ زندگی کی مشکلات، سختیوں اور پریشانیوں کے مقابل میں مقاومت کے معنی میں ہے کہ یہ ہمیشہ امتحان الہی کی صورت میں انسان کے ہمراہ ہوتی ہیں جیسے علم کے حصول میں درپیش مشکلات، فرائض و نوافل کی ادائیگی نیز گناہوں سے پرہیز میں درپیش سختیاں۔
حجت الاسلام اخوان نے کہا کہ اخلاق کی اصطلاح میں صبر سے مراد نفس کو اس چیز پر مجبور کرنا جس کی انجام دہی کا تقاضا عقل اور شریعت کرتی ہے اور اس چیز سے دور رکھنا جس سے عقل و شرع منع کرتی ہے۔

حجت الاسلام صادق اخوان کا کہنا تھا کہ صابر ایسے شخص کو کہتے ہیں جو ہر میدان میں صبر و پایداری کا مظاہرہ کرے، بے صبری نا کرے اور عملی میدان میں اپنے فرائض کو احسن طریقہ سے انجام دے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=47289