28

طوفان کا خدشہ: سندھ کی ساحلی پٹی سے شہریوں کی منتقلی شروع، 50 ہزار افراد کا انخلا ہوگا

  • News cod : 47950
  • 12 ژوئن 2023 - 15:29
طوفان کا خدشہ: سندھ کی ساحلی پٹی سے شہریوں کی منتقلی شروع، 50 ہزار افراد کا انخلا ہوگا
بحیرۂ عرب میں سمندری طوفان بائپر جوائے مزید شدت اختیار کرگیا جس کے بعد ممکنہ خطرات کے پیش نظر ٹھٹھہ اور بدین کی ساحلی پٹی سے لوگوں کی محفوظ مقامات پر منتقلی کردی گئی۔

وفاق ٹائمز، وزیراعلیٰ سندھ کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ شاہ بندر، جاتی اورکیٹی بندرکے دیہات سے 50 ہزار افرادکا انخلا کیا جائے گا، بدین کےزیرو پوائنٹ کےگاؤں سے 2 ہزار افراد کی محفوظ مقامات پر منتقلی کردی گئی ہے۔ حکام کاکہنا ہےکہ طوفان ٹکرانے سے سمندر میں 4 تا 5 میٹر اونچی لہریں اٹھیں گی، پانی بہت آگے آجائےگا جبکہ 17 سے 18 جون تک طوفان کا اثر کم ہوجائے گا۔

محکمہ موسمیات کا بیان

محکمہ موسمیات کے مطابق سمندری طوفان گزشتہ 12 گھنٹوں سے شمال کی جانب بڑھ رہا ہے جو کراچی کے جنوب سے 600کلو میٹر اور ٹھٹھہ کے جنوب سے 580 کلومیٹر دور ہے، طوفان کے سبب سمندر میں ہوا کی رفتار 180سے 220 کلو میٹرفی گھنٹہ کےدرمیان ہے، 14 جون تک سمندری طوفان شمال کی جانب بڑھےگا اور 15 جون کی دوپہرکو طوفان جنوب مشرقی سندھ اور بھارتی گجرات کو عبورکرےگا، 15 جون کی صبح تک سمندری طوفان کیٹی بندر اور بھارتی گجرات کے درمیان ٹکرا سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ سسٹم کے مرکز کےگرد لہریں 35 سے40 فٹ تک بلند ہورہی ہیں جب کہ طوفان سے کیٹی بندر پر لہریں 8 سے 12 فٹ بلند ہوسکتی ہیں۔

محکمہ موسمیات کے مطابق طوفان سے ساحلی پٹی پر آندھی اور گرج چمک کےساتھ موسلادھار بارش ہوسکتی ہے، جنوب مشرقی سندھ میں کچھ مقامات پرشدید بارش بھی ہوسکتی ہے جہاں ٹھٹھہ، سجاول، بدین، تھرپارکر اور عمرکوٹ میں 13 سے17 جون تک موسلادھاربارش کا امکان ہے جب کہ ان علاقوں میں ہواؤں کی رفتار 80 سے 100 کلومیٹر فی گھنٹہ رہ سکتی ہے۔

اس کے علاوہ ٹنڈومحمد خان، ٹنڈو الہیار اور میرپورخاص میں بھی میں 13 سے16 جون کے دوران موسلادھار بارش متوقع ہے۔ جبکہ ٹھٹھہ، بدین، سجاول، میرپورخاص، عمر کوٹ اور ٹنڈومحمد خان میں 300 سے 400 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔
محکمہ موسمیات کا بتانا ہےکہ کراچی، حیدرآباد میں 13سے16 جون کےدرمیان آندھی اور گرج چمک کے ساتھ موسلا دھاربارش کا امکان ہے، اس دوران ہوائیں 60 سے 80 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں جس سے کمزور عمارتوں، تعمیرات اور کچے مکانات کو نقصان پہنچ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے ماہی گیروں کو 17 جون تک کھلے سمندر میں نہ جانے کی ہدایات جاری کردی گئی ہیں۔

 

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=47950

ٹیگز