3

مستحق سادات کی مالی امداد کیلئے نئے نظام کی منظوری

  • News cod : 47980
  • 13 ژوئن 2023 - 13:31
مستحق سادات کی مالی امداد کیلئے نئے نظام کی منظوری
اس بل کی رُو سے تمام شیعہ سنی مستحق سادات کو مالی امداد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر دی جائیگی

وفاق ٹائمز، اسلامی نظریاتی کونسل نے پاکستان کے مستحق سادات، بیوگان اور یتامیٰ کیلئے مالی تعاون کے نئے نظام کی منظوری دیدی ہے۔ اسلامی نظریاتی کونسل میں ملتِ جعفریہ کے نمائندہ علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر نے بل پیش کیا تھا، جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ زکوۃ اور صدقات سادات کیلئے حرام ہیں، پاکستان میں عشر و زکوۃ کا پورا نظام موجود ہے، جبکہ مستحق سادات، بیوگان اور یتامیٰ کی مالی امداد کیلئے کوئی نظام موجود نہیں، اس لئے مستحق سادات کو ریاست کی جانب سے خمس کی فراہمی کا نظام تشکیل دیا جائے۔ علامہ محمد حسین اکبر نے اس معاملے کو اسلامی نظریاتی کونسل میں اٹھایا، جس کے بعد اسلامی نظریاتی کونسل کے تمام ارکان نے اس بل کی بھرپور حمایت کرتے ہوئے اس کی منظوری دیدی۔

اس بل کی رُو سے تمام شیعہ سنی مستحق سادات کو مالی امداد بے نظیر انکم سپورٹ پروگرام کی طرز پر دی جائیگی۔ علامہ محمد حسین اکبر نے ’’اسلام ٹائمز‘‘ کو دیئے گئے انٹرویو میں بتایا کہ اسلامی نظریاتی کونسل سے منظوری کے بعد اس بل کو محکمہ خزانہ اور حکومت کو بھجوا دیا گیا ہے۔ جس کے بعد اب باقاعدہ طور پر پارلیمنٹ سے بھی اس کی منظوری لی جائے گی جس کے بعد یہ قانون بن جائے گا۔ علامہ اکبر کا کہنا تھا کہ اس حوالے سے ارکان پارلیمنٹ، سینیٹرز اور دیگر حکومتی عہدیداروں سے ملاقاتیں کر رہے ہیں اور جلد ہی اس کو قانونی شکل دے کر امداد کا سلسلہ شروع کر دیا جائے گا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=47980