2

حج دین اسلام کا بنیادی رکن اور امت کے اتحاد کا محور ہے، علامہ مقصود ڈومکی

  • News cod : 48232
  • 20 ژوئن 2023 - 16:07
حج دین اسلام کا بنیادی رکن اور امت کے اتحاد کا محور ہے، علامہ مقصود ڈومکی
انہوں نے کہا کہ حج وہ عالمی اجتماع ہے جس میں دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کی جانی چاہئے اور مشرکین سے برائت و بیزاری کا اظہار کیا جائے۔ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمان امت واحدہ کا حصہ ہیں۔

وفاق ٹائمز، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری تنظیم سازی علامہ مقصود علی ڈومکی نے کہا ہے کہ حج دین اسلام کا بنیادی رکن اور امت مسلمہ کے اتحاد کا محور ہے۔ حج کے موقع پر دنیا بھر کے مختلف ممالک سے آنے والے مختلف رنگ و نسل کے مسلمان خدائے واحد کی عبودیت اور بندگی کا اظہار کرتے ہیں۔ لہٰذا حج عبودیت و بندگی، خدا اور معنویت و وحدت کا مظہر ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے جاری کردیا بیان میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ قرآن کریم نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو امت واحدہ قرار دیا ہے۔ نماز باجماعت اور جمعہ سے بڑھ کر حج امت مسلمہ کے عالمی اجتماع اور طاقت کا مظہر ہے۔ امت واحدہ کے تصور کے مقابلے میں لڑاؤ اور حکومت کرو کی سامراجی پالیسی کی علمبردار استکباری قوتوں نے مسلمانوں کو آپس میں لڑانے کے لئے جتنا سرمایہ لگایا وہ بے نتیجہ رہا۔

کیونکہ ہر سال دنیا بھر سے آئے ہوئے لاکھوں فرزندان توحید ایام حج میں امت واحدہ کا عملی نمونہ پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حج وہ عالمی اجتماع ہے جس میں دنیا بھر کے مظلوم مسلمانوں کے حق میں آواز بلند کی جانی چاہئے اور مشرکین سے برائت و بیزاری کا اظہار کیا جائے۔ کشمیر اور فلسطین کے مظلوم مسلمان امت واحدہ کا حصہ ہیں۔ اس عظیم عالمی اجتماع کے موقع پر کشمیر و فلسطین کے مظلوم مسلمانوں سے یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے ظالموں کے خلاف آواز بلند کی جائے۔ حرمین شریفین کے نام نہاد خادم کو چاہیے کہ وہ حج ابراہیمی کے موقع پر برائت از مشرکین کے عمل میں رکاؤٹ ڈالنے کی بجائے مشرکین سے بیزاری کے عمل میں شریک ہو کر قرآن و سنت کی تعلیمات پر عمل کرے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=48232