وفاق ٹائمز، ضابطہ اخلاق تحریک اتحاد بین المسلمین کی جانب سے جاری کیا گیا۔ امیر جماعت اہلحدیث مولانا عبدالغفار روپڑی کی زیر صدارت رحمانی اسلامک سنٹر جے بلاک ماڈل ٹاؤن لاہور میں ’’قومی امن کانفرنس‘‘ کا انعقاد کیا گیا۔ کانفرنس میں تمام مسالک کے جید علماء و مشائخ عظام نے شرکت کی۔
قومی امن کانفرنس میں لیاقت بلوچ، علامہ ڈاکٹر محمد حسین اکبر، حافظ طاہر اشرفی، مولانا امجد خان، علامہ ابتسام الہٰی ظہیر، مولانا رمضان سیالوی، علامہ زبیر احمد ظہیر، سید ضیاء اللہ بخاری، سید طاہر رضا بخاری، مولانا حافظ عبدالوہاب روپڑی، مولانا عبد الرؤف فاروقی، حافظ ذاکر الرحمن صدیقی، پروفیسر سیف اللہ خالد، مفتی محمد ضیاء مدنی، مولانا سید صفدر شاہ، علامہ مشتاق حسین جعفری، مولانا محمد عاصم مخدوم، مولانا حافظ عبدالوحید روپڑی، مولانا شکیل الرحمٰن ناصر سمیت دیگر رہنماوں اور عمائدین نے شرکت کی۔
قومی امن کانفرنس میں مذہب یا مسلک کے نام پر فرقہ واریت اسلام اور خلاف قانون قرار دی گئی۔ ضابطہ اخلاق کے مطابق کسی بھی مسلمان فرقے کی تکفیر جائز نہیں، آئین میں مسلمان کی تعریف تمام اکابرین کے درمیان متفق علیہ ہے، مقدس شخصیات کی توہین یا تحقیر کرنا جرم ہے، حکومت ایسے لوگوں کیخلاف سخت کارروائی کرے۔ ضابطہ اخلاق میں مزید کہا گیا ہے کہ علماء کرام تقریبات، خطبات میں بین المسالک ہم آہنگی پر گفتگو کریں گے، اہل سنت اور اہل تشیع ایک دوسرے کو اپنے پروگرامات میں دعوت دیں گے اور مذہبی رسائل، اخبارات میں شرانگیز مواد پر مکمل پابندی عائد کی جائے گی۔












