وفاق ٹائمز، شہر قائد میں يوم عاشور کا مرکزی جلوس نشتر پارک سے برآمد ہوا، جو اپنے مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسينيہ ايرانياں کھارادر پر اختتام پذير ہوگیا، جس کے بعد شہر بھر میں مجالس شامِ غربیاں کے انعقاد کا سلسلہ جاری ہے، اس موقع پر سیکیورٹی کے انتہائی سخت انتظامات کئے گئے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق کراچی میں نشتر پارک سے برآمد ہونے والا یوم عاشور کا مرکزی جلوس اپنے مخصوص راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسينيہ ايرانياں کھارادر پہنچ کر اختتام پذیر ہوا، جلوس کی قیادت بوتراب اسکاؤٹس نے کی، مرکزی جلوس عزاء میں علم، تابوت، تعزیئے، شبیہ ذوالجناح بھی برآمد کئے گئے، مرکزی جلوس میں لاکھوں کی تعداد میں عزاداران امام مظلومؑ شریک تھے۔ دوران جلوس باجماعت نماز ظہرین امامیہ اسٹوڈنٹس آرگنائزیشن پاکستان کراچی ڈویژن کے زیر اہتمام تبت سینٹر کے سامنے مولانا سید ناظر عباس تقوی کی اقتدا میں ادا کی گئی۔
عزاداران سید الشہداء امام حسینؑ نے سوئیڈن میں ہونے والی توہین قرآن کے دلخراش واقعے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ بھی کیا، جس میں شرکاء نے قرآن کریم کے جز اٹھائے ہوئے تھے۔ عزاداران امام مظلومؑ نے امریکا، اسرائیل اور سوئیڈن کے پرچم بھی نذر آتش کئے۔ بعد ازاں نوحوں اور مرثیوں کی صداؤں میں مرکزی جلوس مقررہ راستوں سے ہوتا ہوا امام بارگاہ حسینیہ ایرانیان پہنچ کر اختتام پزیر ہوا، جہاں مجلس شام غریباں کا انعقاد کیا گیا۔ جلوس کی گزرگاہ پر عزاداروں کیلئے پانی، دودھ اور شربت کی سبیلیں لگائی گئیں، جبکہ نذر و نیاز کی تقسیم بھی کی گئی۔ اس موقع پر امامیہ اسکاؤٹس و دیگر اسکاؤٹس رضاکاروں سمیت پوليس و رينجرز کے ہزاروں اہلکار جلوس عزا کی سيکورٹی پر تعينات تھے۔












