9

یوم آزادی، ارض پاک کے دفاع و تحفظ کےلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیاجائےگا،قائد ملت جعفریہ

  • News cod : 49329
  • 14 آگوست 2023 - 6:51
یوم آزادی، ارض پاک کے دفاع و تحفظ کےلئے کوئی دقیقہ فروگزاشت نہیں کیاجائےگا،قائد ملت جعفریہ
ان کا مزید کہنا تھا تمام اداروں کا احترام اوراپنے دائرہ اختیار میں فرائض کی انجام دہی کویقینی ، آئین کا احترام اور قانون کی پابندی کو یقینی بنایا جائے ، ملک سے بے روزگاری، رشوت ستانی، جہالت، فحاشی، عریانی، ناانصافی اور بے عدلی کا خاتمہ کیا جائے، اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے،

وفاق ٹائمز، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے کہا ہے کہ وطن عزیز اس وقت تاریخ کے انتہائی نازک ترین دور سے گزر رہا ہے، ان حالات میں تحریک پاکستان کا وہ جذبہ بیدار کرنے کی ضرورت ہے جو تشکیل پاکستان کے وقت تھا جب پرجوش عوامی جدوجہد سے تکمیل پاکستان کا خواب شرمندہ تعبیر ہوا ، آج اسی جذبے کی ضرورت ہے۔ قومی مفادات کو مقدم جانتے ہوئے داخلی و خارجی محاذوں پر متحد ہوکر ہی ملک کو مسائل سے گرداب سے نجات دلائی جاسکتی ہے۔ معاشی و سیاسی ابتری کے خاتمے کے لئے بھی مشترکہ کوششیں ہی مفید و موثر ثابت ہوسکتی ہیں‘ حقیقی معنوں میں یوم آزادی منانے کا تقاضا بھی یہی ہے، اسی طرح ہمیں کرپشن، فرقہ واریت، دہشتگردی و انتہاءپسند ی ‘ متعصبانہ قانون سازی کے خلاف بھی متحد ہونا ہے، زندہ قومیں ہمیشہ وقار کے ساتھ جیتی ہیں۔

اس دن ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ دفاع وطن کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کیا جائے گا۔ 76 ویںیوم آزادی کے موقع پر اپنے پیغام میں علامہ ساجد نقوی نے کہا کہ ارض پاک کو آزاد ہوئے 7 دہائیوں سے زائد عرصہ بیت چکا لیکن افسوس ہم ابھی تک داخلی طور پر اتنے مضبوط نہیں ہوئے جو وقت کا تقاضا تھا ، ہمیں یوم آزادی کے موقع پر ان مسائل اور تلخ ماضی سے صرف نظر نہیں کرنا چاہیے بلکہ مسائل کے حل اور مشکلات کے خاتمے اور درپیش چیلنجز سے نبردآزما ہونے کے لیے نئے عزم کے ساتھ جدوجہد کاآغاز کرنا چاہیے کیونکہ پاکستان کو ترقی، خوشحالی، استحکام اور مضبوطی تب حاصل ہوسکتی ہے جب ملک میں عادلانہ نظام کا نفاذ کیا جائے، طبقاتی تفریق ظلم و ناانصافی ،تجاوز اور زیادتی کا خاتمہ کیا جائے ، جرم و سزا کو رائج کیا جائے ۔

ان کا مزید کہنا تھا تمام اداروں کا احترام اوراپنے دائرہ اختیار میں فرائض کی انجام دہی کویقینی ، آئین کا احترام اور قانون کی پابندی کو یقینی بنایا جائے ، ملک سے بے روزگاری، رشوت ستانی، جہالت، فحاشی، عریانی، ناانصافی اور بے عدلی کا خاتمہ کیا جائے، اتحاد بین المسلمین اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی کو فروغ دیا جائے، تمام طبقات کے درمیان قومی اتفاق رائے پیدا کرنے کی کوشش کی جائے، دور جدید کے تمام سائنسی ، علمی ،ثقافتی اور ارتقائی تقاضوںکو اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ کیا جائے، کیونکہ جب تک ہم مذکورہ بالا تمام امور پر سختی سے عمل پیرا نہیں ہوتے، اس وقت تک ہم مضبوط داخلی استحکام کی جانب گامزن نہیں ہوسکتے، ان کامزید کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کا حل بھی ہمارے اندرونی حالات کے مستحکم ہونے سے جڑا ہے ، جب ہم داخلی طور پر مضبوط ہونگے تو مسئلہ کشمیر اور مظلوم کشمیری عوام کی صحیح معنوں میں ترجمانی و وکالت اور انکا حق نمائندگی ادا کرسکیں گے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=49329