2

رمضان المبارک 1445 ھ کے آغاز پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام

  • News cod : 54464
  • 12 مارس 2024 - 12:21
رمضان المبارک 1445 ھ کے آغاز پر قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی کا پیغام
قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امت مسلمہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ ماہ مبارک کے دوران وحی الہٰی کتاب قرآن کریم کے مطالعے کو بالخصوص اپنی عادت بنائیں اور اس کے معانی و مفاہیم پر خصوصی توجہ دے

وفاق ٹائمز، قائد ملت جعفریہ پاکستان علامہ سید ساجد علی نقوی نے ماہ مبارک رمضان 1445 ھ کے آغاز پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قرآن کریم میں اس ماہ مبارک کی فضلیت اور خصوصیت بیان کرتے ہوئے ارشاد خداوندی ہے کہ ”ماہ مبارک رمضان وہ ہے جس میں قرآن نازل کیا گیا جو لوگوں کے لئے ہدایت ہے ” پیغمبر اکرم ۖ کا ارشاد گرامی ہے کہ انما سمی رمضان لان رمضان یرمض الذنوب ”رمضان کو رمضان اس لئے کہا جاتا ہے کہ وہ گناہوں کو جلا دیتا ہے اسی طرح دختر پیغمبر اکرم حضرت فاطمہ زہرا نے فرمایا ”فرض اللہ الصیام تثبیتا للاخلاص خداوند تعالی نے روزے کو اس لئے واجب کیا ہے تاکہ لوگوں کے اخلاص کو محکم کرے”انہوں نے کہا کہ دور حاضر میں امت مسلمہ کو جس معاشرتی ،معاشی اور سیاسی سنگین صورت حال کا سامنا ہے اس ماہ مبارک رمضان کی اصلاح کابہترین ذریعہ ہے۔

علامہ ساجد نقوی کے مطابق رمضان المبارک کی آمد پر ایک طرف حکومت کی ذمہ داری بنتی ہے کہ وہ عوام کے لئے بنیادی اشیائے ضروریہ کی فوری اور سستی فراہمی کو یقینی بنائے’ بدامنی’ دہشت گردی پر قابو پاکر عوام کو امن و تحفظ فراہم کرے’ احترام ماہ صیام کو ہر حوالے سے یقینی بنائے جبکہ دوسری جانب امت مسلمہ کے لئے لازم ہے کہ وہ ماہ مبارک کی برکتوں کو سمیٹنے کی ہر ممکن کوشش کرے اور تزکیہ نفس کی خاطر عبادت و ریاضت کے مراحل پورے خلوص نیت اور تندہی سے انجام دے کیونکہ امت مسلمہ کے اندر خلفشار،بدامنی اور معاشرتی ناانصافی کا خاتمہ بھی تطہیر نفس سے ہی ممکن ہے۔

قائد ملت جعفریہ پاکستان نے یہ بات زور دے کر کہی کہ امت مسلمہ کیلئے ضروری ہے کہ وہ ماہ مبارک کے دوران وحی الہٰی کتاب قرآن کریم کے مطالعے کو بالخصوص اپنی عادت بنائیں اور اس کے معانی و مفاہیم پر خصوصی توجہ دے اور اس میں موجود اسرار و رموز کا باریک بینی سے جائزہ لے اور انہیں اپنی انفرادی و اجتماعی زندگی پر نافذ کرے تاکہ انسانیت فلاح و ہدایت کے راستے پر گامزن ہوکر دنیاویاور اخروی کامیابی سے ہمکنار ہوسکے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=54464