1

غزہ میں جاری مظالم کی وجہ مسلمانوں کا باہمی انتشار ہے،مولانا ضیاءالحسن نقوی

  • News cod : 54893
  • 07 آوریل 2024 - 11:17
غزہ میں جاری مظالم کی وجہ مسلمانوں کا باہمی انتشار ہے،مولانا ضیاءالحسن نقوی
امام جمعہ نے کہا رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ نے تزکیہ نفس کی طرف متوجہ کیا ہے، کیونکہ خالق کائنات انسان کا طبیب ہے وہ جانتا ہے کہ انسان کی ضروریات کیا ہیں۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، جامع مسجد علی حوزہ علمیہ جامعةالمنتظر میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے مولانا ضیاءالحسن نقوی نے کہا ہے کہ غزہ میں جاری مظالم عالمی برادری کی بے حسی کی بدترین مثال او روجہ مسلمانوں کا باہمی انتشار ہے۔عرب ممالک سمیت اقوام عالم کی خاموشی نے یہ حقیقت واضح کردی ہے کہ اگر مکتب اہل بیت کے قائدین اور مرجعیت کا فلسطین پر واضح موقف نہ ہوتا تو غزہ کب کا اسرائیل کے حوالے ہو چکا ہوتا۔

انہوں نے کہا مرجع عالی قدر آیت اللہ سید علی سیستانی نے فرمایا خمس نجف بھجوانے کی بجائے، غزہ کے مظلوموں کی مدد کریں۔ ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں جنگ نہیں، ظلم ہورہا ہے۔اقوام متحدہ کی جنگ بندی کی قراردادوں کو نیتن یاہو نے تسلیم نہیں کیا۔ ہسپتالوں پر بمباری کی جارہی ہے۔ مولانا ضیاءالحسن نقوی نے کہا مراجع تقلید نے اسرائیلی کمپنیوں یا اسرائیل کو نفع دینے والی کمپنیوں کی مصنوعات کو خریدنے سے منع کیا ہے۔ 181 دنوں میں 33 ہزار سے زیادہ تعداد شہداءکی ہو چکی ہیں۔۔جن میں بچے اور خواتین بھی شامل ہیں۔ انہوں نے کہا یہ کیسی عید ہو گی کہ ہم غزہ کے مسلمانوں کا ساتھ نہیں دے رہے۔ یہ کیسے ہو گا کہ فلسطینی عوام پر بمباری جاری ہے اور وہ بھوک پیاس سے مررہے ہوں، ان کے مکانات کھنڈرات بن چکے ہوں اور ہم عید منائیں؟

امام جمعہ نے کہا رمضان المبارک میں اللہ تعالیٰ نے تزکیہ نفس کی طرف متوجہ کیا ہے، کیونکہ خالق کائنات انسان کا طبیب ہے وہ جانتا ہے کہ انسان کی ضروریات کیا ہیں۔

انہوں نے کہا عبادات میں ہماری فطرت میں دکھاوا اور ریاکاری نظر نہیںآنی چاہیے۔خالص اللہ کے لئے عبادت کریں۔ ان کا کہنا تھا افسوس ہم قرآن مجید سے سبق حاصل نہیں کر رہے، بلکہ اسے گھروں میں صرف برکت اور مردوں کو بخشوانے کے لیے رکھا ہے۔ ماہ رمضان المبارک ہمیں تربیت نفس کا موقع فراہم کرتا ہے۔ ایک یہودی کے سوال کے جواب میں رسول اللہ نے فرمایا رمضان المبارک کا مہینہ سارے سال کے مال حرام کا اثر کم کرتا ہے۔ انسان اللہ کی رحمت کے قریب ہوجاتا ہے۔ جبکہ روزے رکھنے والا کی موت کے آخری لمحات آسان ہو جاتے ہیں۔روزہ رکھنے والے کو جہنم سے نجات عطا کرتا ہے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=54893

ٹیگز