50

علامہ شہید عارف حسینی اتحاد بین المسلمین کے عظیم علمبردار تھے،علامہ سید مرید حسین نقوی

  • News cod : 20657
  • 06 آگوست 2021 - 8:14
علامہ شہید عارف حسینی اتحاد بین المسلمین کے عظیم علمبردار تھے،علامہ سید مرید حسین نقوی
علامہ سید عارف حسین الحسینی (رح) ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے آپ مکتب اھل بیت (ع) سے فیض حاصل کرنے والے تمام لوگوں کیلئے ایک کامل نمونے کی حیثیت رکھتے تھے

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، حوزہ علمیہ مدینۃ العلم کے مدیر محترم ، اساتذہ اور انتظامیہ کی جانب سے ھم شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی (رح) کی برسی کے موقع پر علامہ سید مرید حسین نقوی صاحب نے اپنے ایک بیان میں کہا  کہ شہید قائد علامہ سید عارف حسین الحسینی (رح) ہمہ گیر شخصیت کے مالک تھے آپ مکتب اھل بیت (ع) سے فیض حاصل کرنے والے تمام لوگوں کیلئے ایک کامل نمونے کی حیثیت رکھتے تھے ، آپ صبر و حلم ، زہد و تقوی ، ایثار و فداکاری ، شجاعت و بہادری اور حسن خلق جیسے اعلیٰ انسانی صفات سے متصف عظیم انسان تھے
شہید علامہ عارف حسین الحسینی کا دور قیادت پاکستان میں آمر جنرل ضیاء الحق کی فوجی حکومت کے خلاف سیاسی جماعتوں کی جدوجہد کے دور سے مطابقت رکھتا تھا، چنانچہ آپ نے پاکستانی سیاست میں کلیدی کردار ادا کرتے ہوئے ملک کی تقدیر بدلنے کیلئے طویل جدوجہد کی۔ آپ پاکستانی شہری ہونے کے ناطے سیاسی و اجتماعی امور میں ہر مسلک و مکتب اور زبان و نسل سے تعلق رکھنے والوں کی شرکت کو ضروری سمجھتے تھے
علامہ شہید عارف حسینی اتحاد بین المسلمین کے عظیم علمبردار تھے، آپ فرقہ واریت اور مذہبی منافرت کے شدید مخالف تھے، اس سلسلے میں آپ نے علمائے اہلسنت کے ساتھ مل کر امت مسلمہ کی صفوں میں وحدت و یکجہتی کیلئے گرانقدر خدمات انجام دیں۔ آخر میں قبلہ نقوی صاحب نے فرمایا کہ ھم شہید قائد کی خدمات کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور آپ کی فکر کو عام کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہے گے
آپ تمام احباب سے گزارش ہے کہ قائد شہید کی بلندی درجات کے لیے سورہ فاتحہ کی تلاوت فرما کر قائد شھید کی روح کو شاد فرمائیں

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=20657