9

انقلاب اسلامی ایران کے خلاف بات کرنے والے کی آخرت میں سخت پکڑ ہوگی ،علامہ سید علی مرتضیٰ زیدی

  • News cod : 10723
  • 16 فوریه 2021 - 13:41
انقلاب اسلامی ایران کے خلاف بات کرنے والے کی آخرت میں سخت پکڑ ہوگی ،علامہ سید علی مرتضیٰ زیدی
علامہ سید علی مرتضی ٰ زیدی نے کہا کہ جس چیز کا انتساب خدا کے ساتھ ہوجائے اور اس کی قدر نہ کی جائے تو انسان پر آفتوں کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے ۔ انسان خدا کے یہاں ہر ایک نعمت کا جواب دہ ہے ۔ خدا کی نعمتوں کی قدر نہ کی جائے تو خدا کے یہاں اس کی سخت پکڑ ہوتی ہے ۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین سولجر بازار یونٹ ضلع جنوبی کراچی کے تحت مسجد وعزاخانہ ابوطالبؑ سولجر بازار میں ہفتہ وار درس کا سلسلہ جاری ہے ۔ اس ہفتے انقلاب اسلامی ایران کی سالگرہ کی مناسبت سے ’انقلاب اسلامی ایران کی کامیابیوں پر ایک نظر‘کے عنوان پر فکری نشست منعقد کی گئی ۔ جس سے خطاب کرتے ہوئے علامہ سید علی مرتضی ٰ زیدی نے کہا کہ جس چیز کا انتساب خدا کے ساتھ ہوجائے اور اس کی قدر نہ کی جائے تو انسان پر آفتوں کا سلسلہ شروع ہوجاتا ہے ۔ انسان خدا کے یہاں ہر ایک نعمت کا جواب دہ ہے ۔ خدا کی نعمتوں کی قدر نہ کی جائے تو خدا کے یہاں اس کی سخت پکڑ ہوتی ہے ۔ انقلاب اسلامی ایران بھی انہی نعمتوں میں سے ایک ہے ۔ جو بھی اس کے خلاف بات کرے گا تو خدا کے پاس جوابدہ ہوگا ۔انقلاب اسلامی سونے کی مانند ہے ۔ امام خمینی نے کہا تھا کہ یہ انقلاب انفجار نور ہے ۔ اس سے مسلسل نور نکل رہا ہے ۔ ہم جس قدر اس نور کے قریب ہوتے جائیں گے، استفادہ حاصل کرتے رہیں گے ۔ شہید باقر الصدر نے امام خمینی کے متعلق کہا تھا کہ ان کی ذا ت میں ایسے پگھل جائو جیسے وہ اسلام میں پگھل چکے ہیں ۔ امام خمینی کی اپنی ذات ختم ہوچکی تھی ،اس میں صرف اسلام نظر آتا تھا ۔ انقلاب کی کامیابی کے لئے پاکیزہ لوگوں نے پاکیز ہ ترین خون بہایا ہے ۔ انقلاب کا اثر دنیا کے چپے چپے پر پڑا ۔ انقلاب کے بعد پوری دنیا میں تبدیلی واقع ہوئی ۔ انقلاب کا سب سے کم کام سیاسی ہے ۔ جبکہ اس کی اہم ترین کامیابی یہ ہے کہ اس نے لوگوں کو جراءت دی ۔ عزت سے سر اٹھانا سکھایا ۔ قوموں کو اپنے فیصلہ خود کرنے کا حوصلہ دیا ۔ انقلاب اسلامی آج بھی عزت و آزادی اور وقار کے ساتھ قائم ہے ۔ انقلاب اسلامی’ خدا کی بندگی کا عمل‘ کتابوں سے نکال کر معاشرے میں لے آیا۔انقلاب نے لوگوں کو زندگی میں آنے کا مقصد بتلایا ۔ انقلاب اسلامی کے باعث نجف کے علمائے حق کی باتیں ہمارے کانوں تک پہنچی ۔ انقلاب نے مائوں کو جراءت دی کہ وہ اپنے بچوں کو امام زمانہؑ کو پیش کریں ۔ انسان کی زندگی کا ایک ہی ہدف ہے کہ وہ ہر کام قربتاً ً الی اللہ انجام دے اور تزکیہ نفس کرتا رہے ۔ امام خمینی کی کوئی تقریر بھی تزکیہ نفس کے ذکر سے خالی نہیں تھی ۔ امام خمینی کی رحلت کا دن عظیم صدمہ کے دن تھا ۔ امام خمینی کے راستے پر چلتے ہوئے عام لوگ قاسم سلیمانی بن گئے ۔ قاسم سلیمانی نے کہا تھا کہ خدا کا قرب چاہتے ہو تو رہبر معظم آیت اللہ سید علی خامنہ ای کا ساتھ دینا ہوگا ۔ رہبر معظم وسیع تجربہ رکھتے ہیں ۔ ان کی معنوی کیفیت اور مقام عظیم ہے ۔ وہ ولی فقیہ کے منصب پر آنے سے قبل بھی آٹھ سال صدر رہے ۔ مولانا سید علی مر تضی’ زیدی کا کہنا تھا کہ غیر جانبدار رہنا کفرانہ نعمت ہے۔ ہم امام علیؑ کے ماننے والے ہیں ،اس بناء پر دنیا کا ہر مظلوم ہم سب کا مسئلہ ہے ۔ دنیا میں ایک مظلوم پر بھی ظلم ہو اور ہم اس کےلئے کسی بھی قسم کا مثبت کردار ادا کرنے کے قابل ہو اور ادا نہ کرے تو اس بارے میں ہم سے سوال کیا جائے گا ۔ ہمیں چاہیئے کہ ہم انقلاب سے بے وفائی نہ کرے۔ اپنی بھرپور طاقت اور توانائی کو استعمال کرتے ہوئے دین اسلام کی آبرو بنے ۔ لبنان نے کافر طاقتوں کو لرزا کر ہم پر حجت تمام کردی ہے ۔ مولانا سید علی مرتضی’ زیدی کا کہنا تھا کہ انقلاب کے خلاف بے پناہ سازشوں کے باوجود انقلاب توانا ہوتا گیا ۔ انہوں نے کہا کہ ابدی زندگی نہ ختم ہونے والی زندگی ہے ۔ اس بات کا احساس کرتے ہوئے دنیا کی پچاس ساٹھ سالہ زندگی میں اس کی تیاری تیزی سے کرنی چاہیئے ۔ نشست کے اختتام پر امام خمینی ،مرحوم علمائے حق و مراجعین عظام اور سانحہ مچھ کے شہداء کےلئے فاتحہ خوانی کی گئی ۔ فکری نشست سے قبل ایم ڈبلیو ایم سولجر بازار یونٹ کے رکن برادر سید شہریار مہدی نے کلام پاک کی تلاوت کی اور امام زمانہؑ کی شان میں منظوم نذرانہ عقیدت پیش کیا ۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=10723