وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، (ایران) مدارس دینیہ خواہران ہمدان کے زیر انتظام مدیر حوزہ محترمہ ام کلثوم امیدی کے ساتھ فدک ہائیر ایجوکیشن انسٹیٹیوٹ اور مدرسہ علمیہ الزہرا (ع) کی مدیر اور دیگر کارکنوں کی ایک میٹنگ منعقد ہوئی، جس میں حوزہ کی مدیر نے کہاکہ فصل بہار تجدید اور نمو کا موسم ہے، جس سے زندگی کے تمام شعبوں میں ایک نئی شروعات اور نئی کوششوں کی عکاسی ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا: رہبر معظم نے نئے سال (1400 ہجری شمسی )کو جو نام دیا ہے اس پر بہر حال عمل در آمد کرناچاہئے۔ رہبر معظم کے اس نعرے کے مطابق پیداوار کا تعلق صرف معاشی اور مالی پہلوؤں سے وابستہ نہیں؛ بلکہ اس کو زیادہ وسیع پیمانے پر دیکھا جا سکتا ہے، جس میں مجاہدانہ افکار کی پرورش اور پرعزم افرادی قوت کی تربیت بھی شامل ہے۔
انہوں نے مزید کہاکہ حوزہ علمیہ خواہران کو چاہئے کہ رہبر معظم کے افکار کو عملی جامہ پہنانے کے لئے سخت محنت کرے اور “منیجمنٹ” ، “میکرو اور جامع پروگرام” اور”احساس ذمہ داری ” کو بھی اپنے تعلیمی پروگراموں کا حصہ بنائے۔
معاشرے میں مومنہ خواتین کے ناقابل فراموش کردار کا تذکرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ معاشرے کی نصف آبادی خواتین پر مشتمل ہونے کی وجہ سے خاندان اور معاشرے کے اعلیٰ مقاصد کی تکمیل کے لئے ان کی ذمہ داری بہت سنگین ہے؛ لہذا مدارس دینیہ خواہران کا خصوصی مشن انقلابی اور مومنہ خواتین کی تعلیم و تربیت ہے۔
میٹنگ کے اختتام پر محترمہ ام کلثوم امیدی نے دین اسلام اور مکتب اہل بیت (ع) کی اعلیٰ تعلیمات کی نشر و اشاعت اور تبلیغ کے لئے معاشرے میں موجود تمام صلاحیتوں کو بروئے کار لانےکی بھرپور کوششوں پر زور دیا۔












