9

کورونا ایس اوپیز پر عمل کرنا شرعی، اخلاقی اور عقلی فریضہ ہے، علامہ شیخ محمد حسن جعفری

  • News cod : 16124
  • 25 آوریل 2021 - 5:05
کورونا ایس اوپیز پر عمل کرنا شرعی، اخلاقی اور عقلی فریضہ ہے، علامہ شیخ محمد حسن جعفری
امام جمعہ جامع مسجد سکردو حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے کہاکہ کرونا کے حوالے سے ایس اوپیز کو مکمل فالو کریں۔ خود کو اور اپنوں کو ہلاکت کے کنویں میں دھکیلنے سے پرہیز کرنا شرعی، اخلاقی اور عقلی فریضہ ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ جامع مسجد سکردو حجۃ الاسلام والمسلمین علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے مرکزی امامیہ جامع مسجد سکردو میں جمعے کے اجتماع سے خطا ب کرتے ہوئے کہاکہ کرونا کے حوالے سے ایس اوپیز کو مکمل فالو کریں۔ خود کو اور اپنوں کو ہلاکت کے کنویں میں دھکیلنے سے پرہیز کرنا شرعی، اخلاقی اور عقلی فریضہ ہے۔ اگر چہ موسم کی تبدیلی میں قدرتی عناصر اور اسباب کا عمل دخل ہوتا ہے، لیکن ہمارے گناہ بھی اس میں تاثیر رکھتے ہیں جن کے باعث ابھی تک ٹھنڈ پڑ رہی ہے۔ گناہوں کی بخشش کے لیے دعا اور توبہ کریں۔

انہوں نے کہاکہ ایک دوسرے کے بارے میں بدگمانی سے بچیں اور دلوں کو پاک صاف رکھیں، دلوں کو پاک رکھیں اور تقویٰ اختیار کریں۔ کائنات میں جہاں مادی اسباب مؤثر ہیں وہاں معنوی اسباب بھی قدرتی تبدیلیوں میں دخیل ہیں۔ رمضان المبارک برکتوں اور رحمتوں کا مہینہ ہے۔اس میں افطاری کے انتہائی ثواب کے پیش نظر روزہ داروں کی افطاری کا اہتمام کریں، خواہ نصف کھجور کے ذریعے ہی کیوں نہ ہو۔سحری اور افطار کے وقت سورہ قدر یعنی سورہ انا انزلنا پڑھنے کا اجر اللہ کی راہ میں جہاد کرنے اور شہید ہونے کے برابر ہے۔

علامہ شیخ جعفری نے مزید کہا کہ آج حضرت خدیجۃ الکبریٰ کایوم وصال ہے۔اسلام کے آغاز میں اس عظیم خاتون نے اقتصادی حوالے سے ناقابل فراموش خدمات انجام دی ہیں۔اللہ تعالیٰ ہمیں روز قیامت ان کی شفاعت کا اہل بنادے ،اس وقت ہمیں بہت سے معاشرتی مسائل در پیش ہیں۔ نلتر پر ڈیوٹی کرانے کے بعد ہمارے پولیس اہلکاروں کو بروقت واپس نہ کروانا اور خصوصا بلتستان سے تعلق رکھنے والوں کو مختلف علاقوں میں ٹرانسفر کرناان کے ساتھ نا روا سلوک ہے۔ان کے مسائل کو جلد از جلد حل کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں سے ہونا چاہیے۔

امام جمعہ سکردو نے کہاکہ انتخابات کا نتیجہ موجودہ صورتحال کی شکل میں سامنے آرہا ہے، ہم کس منہ سے تنقید کر سکتے ہیں،کیونکہ یہ حکمران ہمارے ہی منتخب کردہ ہیں۔اگر تمام اجزائے معاشرہ (زمیندار،طلبا،اساتذہ، آفیسرز اورعلمائے کرام وغیرہ) سب کے سب بدعنوان اور کرپٹ ہوں تو معاشرہ کیسے درست ہوسکتا ہے؟اللہ تعالیٰ سے دعا ہے کہ ان نمائندوں سمیت ہم سب کو معاشرے میں اپنی اپنی ذمہ داریاں اچھے طریقے سے ادا کرنے کی توفیق عنایت عطا فرمائے۔

انکا کہنا تھا کہ اسرائیل نے گستاخی کی اور ایران کے ایٹمی مرکز پہ حملہ کیا اور خبریں آرہی ہے کہ اسرائیل کے پلانٹ پر بھی کہیں سے میزائل داغا گیا ہے اور کل سے وہاں ہرطرف دھواں ہی دھواں چھایا ہوا ہے۔
پاکستان کے وزیر خارجہ ایران کے دورے پر گئے ہیں۔ اس دورے میں تحفظ ختم نبوت کے ساتھ ساتھ رسول اکرم (ص) کی توہین کرنے والوں کے خلاف مشترکہ اقدامات کرنے کافیصلہ کیا ہے جو ایک لائق تحسین فیصلہ ہے ۔جب سلمان رشدی نے حضور اکرم (ص)کی شان میں گستاخی کی تو امام خمینی رح کے عظیم الشان فتوے کی وجہ سے وہ عمر بھر چھپ کر زندگی کرنے پر مجبور ہوا۔ ان شاء اللہ یورپ سے دوبارہ کبھی حضور (ص) کی شان میں گستاخی نہیں ہوگی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=16124