وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی سیکرٹری جنرل علامہ راجہ ناصر عباس جعفری نے غزہ پر اسرائیلی حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے بدترین جارحیت قرار دیاہے۔
انہوں نے کہا کہ فلسطینی مسلمانوں کے خلاف اسرائیل کے وحشیانہ اقدامات میں روز بروز اضافہ ہوتا جا رہا ہے۔شہری آبادی پر حملہ کر بے گناہ افراد اور معصوم بچوں کو نشانہ بنانا جنگی قوانین کی سنگین ترین خلاف ورزی ہے جس پر اقوام متحدہ اور عالمی برادری کو نوٹس لینا چاہئے۔ غاصب اسرائیل مسلمانوں کے قبلہ اول پر اپنا حق جتانے کے لیے جو غیر انسانی کھیل رہا اس کا خمیازہ اس کی رہتی نسلوں کو بھی بھگتنا پڑے گا۔ایمان کی دولت سے مالا مال فلسطینی مسلمان غیر و حمیت کا وہ پہاڑ ہیں جن سے ٹکرانے والا پاش پاش ہو کر رہے گا۔
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کی بڑھتی ہوئی بربریت پر عالم اسلام کے سکوت کو مجرمانہ خاموشی کے سوا کوئی دوسرا نام نہیں دیا جا سکتا۔ یہود نصاری باطل پر بھی مجتمع ہیں تو امت مسلمہ حق پر ہوتے ہوئے باہم کیوں نہیں ہو سکتی۔انہوں نے کہا دنیا بھر کے مسلمان عید منانے کی تیاریاں کر رہے ہیں اور فلسطینی مسلمانوں کے گھروں میں بچوں اور نوجوانوں کی لاشیں پڑی ہوئی ہیں۔ اگر امت مسلمہ نے اپنے مسلمان بھائیوں کی مشکلات اور غم کا درک نہ کیا تو پھر دنیا میں ان جیسا بے حس کوئی نہیں ہو گا۔ انہوں نے مسلمان حکمرانوں سے مطالبہ کیا کہ اسرائیل کو انتہائی اقدامات سے باز رکھنے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔اگر اس شیطانی طاقت کو شرپسندی سے نہ روکا گیا تو اس کی سلگائی ہوئی آگ سب کے دامن سے لپٹی ہوئی نظر آئے گی۔