8

علامہ شیخ جعفری کی طرف سے بلتستان کے اراکین اسمبلی کے لیے عشائیے کا اہتمام

  • News cod : 17572
  • 19 می 2021 - 16:25
علامہ شیخ جعفری کی طرف سے بلتستان کے اراکین اسمبلی کے لیے عشائیے کا اہتمام
علماء و اراکین اسمبلی نے پورے گلگت بلتستان میں اتحاد و اتفاق اور امن و امان کے ماحول کو مزید پروان چڑھانے کے لئے پہلے سے زیادہ کوشش کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، امام جمعہ جامع مسجد سکردو حجۃ الاسلام والمسلمین شیخ محمد حسن جعفری اور انجمنِ امامیہ کی طرف سے جامعہ منصوریہ سکردو میں بلتستان کے تمام اراکینِ اسمبلی کے لئے ایک عشائیے کا انتظام کیا گیا۔
اس موقع پر ایک خصوصی میٹنگ بھی رکھی گئی جس کا موضوع بلتستان کو درپیش مسائل جیسے پانی، بجلی، مواصلاتی نظام اور دیگر امور میں بہتری کیلئے مشترکہ لائحہ عمل طے کرنا اور عوام کو بحران سے نکالنے کے لئے راہ حل نکالنا تھا، اس مقصد کے تحت چارٹر آف ڈیمانڈ بھی پیش کیا گیا۔ تمام اراکین اسمبلی نے بلتستان کے بنیادی مسائل کو بروقت حل کرنے کی ضرورت پر اتفاق کیا اور اس سلسلے میں اپنی کوششیں مزید تیز کرنے کی خواہش ظاہر کی۔
علامہ شیخ محمد حسن جعفری نے اس موقع پر کہا کہ عوام کی خدمت اور علاقے و ملک کی ترقی کیلئے کام کرنا ہی آپ کی سیاست کا مقصد ہونا چاہئے، مستقبل میں آپ تمام سیاسی حضرات کی کارکردگی کے ذریعے آپ کے سیاسی کیریئر کا تعین ہوگا۔ عوامی مینڈیٹ حاصل کرنا بہت بڑی بات ہے یعنی عوام نے آپ پر اعتماد کیا ہے، اس اعتماد کو بروئے کار لاکر علاقے اور عوام کے مفاد کیلئے کام کریں، پانی اور بجلی کا مسئلہ ہم سب کا ہے، یک جان ہوکر کام کرینگے تبھی نتیجہ نکلے گا، معاشرے کے ہر فرد کو اجتماعی مفادات کے لئے اپنا کردار ادا کرنا چاہئے۔
علماء و اراکین اسمبلی نے پورے گلگت بلتستان میں اتحاد و اتفاق اور امن و امان کے ماحول کو مزید پروان چڑھانے کے لئے پہلے سے زیادہ کوشش کرنے کی ضرورت پر بھی اتفاق کیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=17572