3

مسلم ممالک ناجائز اسرائیل کو ختم اور فلسطین کو حق خودارادیت دلائیں، ثروت اعجاز قادری

  • News cod : 17638
  • 20 می 2021 - 16:37
مسلم ممالک ناجائز اسرائیل کو ختم اور فلسطین کو حق خودارادیت دلائیں، ثروت اعجاز قادری
پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے، اسے دہشتگرد قرار دیا جائے، سلامتی کونسل کا چوتھا اجلاس کسی نتیجہ کے بغیر ختم ہونا ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے، فلسطین کی زمین آگ و خون کی لپیٹ میں ہے، اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر بمباری و فائرنگ کر رہا ہے.

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، پاکستان سنی تحریک کے سربراہ محمد ثروت اعجاز قادری نے کہا ہے کہ اسرائیل ناجائز ریاست ہے، اسے دہشتگرد قرار دیا جائے، سلامتی کونسل کا چوتھا اجلاس کسی نتیجہ کے بغیر ختم ہونا ادارے کی ساکھ پر سوالیہ نشان ہے، فلسطین کی زمین آگ و خون کی لپیٹ میں ہے، اسرائیل نہتے فلسطینیوں پر بمباری و فائرنگ کر رہا ہے، پاکستان سنی تحریک کے تحت 23 مئی کو لبیک بیت المقدس ریلی نکالی جائے گی، جمعۃ المبارک کو ملک بھر میں یوم فلسطین منائیں گے، فلسطنیوں سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل سے نفرت کا اظہار کرتے ہوئے ملک میں ریلیاں، احتجاجی مظاہرے منعقد کئے جائیں گے۔ اپنے ایک بیان میں ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ اسرائیلی دہشتگردی سے سینکڑوں فلسطینی شہید ہوچکے ہیں، اسرائیل مسلسل دہشتگردی اور جارحیت کر رہا ہے، امریکہ اسرائیلی دہشگردی کا سہولت کار بنا ہوا ہے۔

ثروت اعجاز قادری نے کہا کہ دنیا بتائے فلسطین میں بہتا خون اور اسرائیلی دہشگردی کے خلاف خاموش کیوں ہے، اقوام متحدہ کو اب کالا چشمہ اُتار کر حق و انصاف پر فیصلے کرنا ہونگے، حق انصاف پر فیصلے نہ ہوئے تو پھر دنیا میں امن خلفشار کا شکار ہو جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ مسجد اقصیٰ پر حملہ تمام اُمت مسلمہ کی غیرت پر حملہ ہے، ظلم کے خلاف آواز اُٹھانا اور ظالم کے خلاف کھڑا ہونا تمام مسلم ممالک کی ذمہ داری ہے، او آئی سی صیہونی شرارتوں کو روکنے کیلئے مشترکہ لائحہ عمل کا اعلان کرے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم حکمرانوں کی خاموشی کو حمایت یا کمزوری سمجھ کر اسرائیل فلسطین میں مسلمانوں کا قتل عام کر رہا ہے، اقوام متحدہ پر مسلم ممالک دباؤ بڑھا کر اسرائیل کی ناجائز ریاست کو ختم اور فلسطین کو حق خود ارادیت دلائیں۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=17638