30

مادر علمی جامعۃ المنتظر لاہور۔ مختصر تعارف، 67 سالہ فعالیت + درس خارج

  • News cod : 18530
  • 13 ژوئن 2021 - 19:25
مادر علمی جامعۃ المنتظر لاہور۔ مختصر تعارف، 67 سالہ فعالیت + درس خارج
حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر کی تاسیس 1954 میں ہوئی ۔ جناب الحاج شیخ محمد طفیل کو اس عظیم کام کے آغاز کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس وقت کے لاہور کے اہم علاقہ موچی دروازہ میں حسینہ ہال ایک سو روپے ماہوار کرایے پر حاصل کیا گیا ۔

مختصر تعارف حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور
معلم انسانیت، حضرت محمدصلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا مشہور ارشاد ہے اطلبوالعلم من المھد الی اللحد۔ یعنی گہوارہ سے گور تک علم حاصل کرو۔ علم، انسان کی بنیادی و دائمی ضرورت ہے۔ پیدائش سے موت تک کسی نہ کسی شکل میں ہر آدمی علم کی احتیاج رکھتا ہے۔ لہذا انسان کے خالق نے اپنے نمائندے کی زبانی زندگی بھر اس کا حصول لازم قرار دیا ہے۔اس فرمان سے، ان اداروں کی دائمی ضروریات اور غیر معمولی اہمیت کا اندازہ ہوناہے۔ جہاں سے علم کا حصول اور اس کی نشر و اشاعت ہوتی ہے۔ قیام پاکستان کے وقت وطن عزیز میں الہی علوم کی تدریس کے چند ہی مراکز تھے آغاز کار میں جن بزرگان نے موجودہ پاکستان کی جغرافیائی حدود کے اندر دینی مدارس کی تاسیس کی اور اس شعبہ میں پیش رفت کے لئے گراں قدر خدمات انجام دیں ان میں جناب مولانا سید محمد باقر نقوی اعلی اللہ مقامہ اور جناب مولانا غلام مہدی نجفی اعلی اللہ مقامہ،وا گھریجی سندھ سرفہرست ہیں۔

ایک یاد گار تصویر

حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر لاہور
حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر کی تاسیس 1954 میں ہوئی ۔ جناب الحاج شیخ محمد طفیل کو اس عظیم کام کے آغاز کی سعادت نصیب ہوئی۔ اس وقت کے لاہور کے اہم علاقہ موچی دروازہ میں حسینہ ہال ایک سو روپے ماہوار کرایے پر حاصل کیا گیا ۔ 1956 ء میں ادارہ رجسٹرڈ کرایا گیا۔ 1958 ء میں ایک عمارت محلہ داراشکوہ میں خریدی گئی مگر محکمہ اوقاف سے تنازعہ کی بنا پر استعمال میں نہ لائی جا سکی۔ دسمبر 1960 ء میں دارالشریعہ وسن پورہ 32 ہزار روپے میں خریدا گیا۔ 1965 ء میں جامعتہ المنتظر ٹرسٹ تشکیل پائی۔ 1969 ء عالی جناب خان بہادر سید محمد حسین نقوی، حاجی شیخ غلام حسین اور جناب محمد عباس مرزا کی کاوشوں سے حسینی ٹرسٹ ماڈل ٹاؤن نے ایچ بلاک ماڈل ٹاؤن میں 21 کنال سے زائد رقبہ جامعتہ المنتظر کے لئے وقف کیا اس طرح دونوں ٹرسٹ، باہمی انضمام سے خدمت دین و تعلیمات اہلبیت کی نشر و اشاعت کے لئے یکجا ہو گئے۔
خدائے تعالی کا جتنا بھی شکر کیا جائے وہ کم ہے الحمد اللہ حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر لاہور خدا تعالی کے فضل ، محمد و آل محمد علیہ السلام کی برکت، وابستگان کی انتھک کوششوں اور جملہ مومنین کی دعاؤں سے اپنی علمی زندگی کے پچاس سال پورے کر چکا ہے، اس پچاس سالہ دور میں کچھ انقلاب بھی آئے نشیب و فراز کا سامنا بھی رہا۔ کبھی ملکی سربراہ خود یہاں تشریف لائے اور کبھی پولیس کو یہاں لوٹ مار اور دہشت پھیلانے کیلئے بھیج دیا۔ اچھے اور سنہری ایام کے ساتھ ساتھ سختیوں کے دور بھی آتے رہے۔ مگر یہ علمی مرکز اپنے علمی سفر کی جانب رواں دواں رہا۔ حتی کہ پچاسواں سنگ میل بھی عبورکرگیا۔ علم کی روشنی پھیلانا تو اس کا بنیادی ہدف تھا ہی مگر اسکے علاوہ اس ادارہ نے اپنی استطاعت سے بڑھ کر قوم کی خدمت کی وہ کونسی مذہبی اور قومی تحریک ہےجس کو اس ادارہ سے کمک حاصل نہیں ہوئی۔حوزہ علمیہ جہاں ایک قومی یونیورسٹی ہے وہاں قوم کی امیدوں اور امنگوں کا مرکز بھی ہے۔ جب بھی کوئی مشکل مقام آیا ہے اس ادارہ نے مکمل رہنمائی کی ہے۔ اور اس کا تدارک کرنے کی سعی کی ہے۔ انقلاب اسلامی ایران کو مکمل طور پر پاکستان کی سطح تک بلکہ بیرون ملک بھی روشناس کرایا ہے۔ اس انقلاب کی برکتوں کے ذکر میں جامعتہ المنتظر اور اس کےمتعلقین خصوصا ابوذر زمان حضرت آقائی سید صفدر حسین نجفی اعلی اللہ مقامہ ، جو اس حوزہ علمیہ کے ایک مدت تک پرنسپل رہے۔
اتنا کہاں بہار کی رنگینوں میں جوش
شامل کسی کا خون تمنا ضرور تھا
علی مسجد
جہاں اس حوزہ علمیہ نے دیگر مراکز اور دینی مدارس کا اجراء کیا ہے وہاں اسلامی لٹریچر اور تظریات کو بھی عام کیا ہے اورساتھ ساتھ بھکر کنونشن سے لے کر اسلام آباد کے اجتماع تک، کراچی کی شورش سےلے کر کوئٹہ کی گرفتاریوں تک تا ھنگو کے قتل عام سے لے کر سیالکوٹ کی شہادتوں تک جامعہ کی خدمات کو نہیں بھلایا جاسکتا۔
اس لئے یہ کہنے میں کوئی باک نہ ہو گا کہ گلگت کے پہاڑوں سے لے کر کرچی کے ساحلوں تک بلوچستان کے صحراوں سے لے کر لاہور کے مرغزاروں تک جہاں جامعہ کے علم کی کرنیں پھوٹ پھوٹ پڑتی ہیں ساتھ ساتھ قومی خدمات کےستارے بھی چمکتے نظر آتے ہیں دعا ہے کہ۔


اے خدا ایں جامعہ قائم بدار
فیض او جاری بود لیل و نہار
مزید برآں جامعہ کی طرف سے منعقدہ چہاردہ معصومین علیھم السلام کے ایام کی مناسبت سے مجالس عزا ، محافل میلاد و جشن و مسالمہ بعض دیگر تقاریب اور قومیات سے متعلق اجتماعات کا انعقاد بھی ہوتا ہے۔ مومنین کی طرف سے مجالس تراحیم کے پروگرام بھی علی مسجد میں منعقد ہوتے ہیں۔جمعہ،عیدین اور ایام عزاداری میں شریک ہونے والے افراد کی بڑھتی ہوئی تعداد کے پیش نظر (اگست 2000 ء) میں مزید توسیع کی گئی ہے۔2004 ء میں مسجد کا ہال بھی دو منزلہ کر دیا گیا۔ اس کے بعد بیک وقت کئی ہزار افراد کے نماز ادا کرنے اور بیٹھنے کی گنجائش ہے۔ کئی سالوں سے نماز جمعہ میں خواتین کی شرکت کے پیش نظر پردہ کا اہتمام کیا گیا ہے اسی طرح رمضان المبارک کے آخری عشرہ میں اعتکاف میں شرکت کرنے والی خواتین کے لیے ایک حصہ مختص کر دیا جاتا ہے۔ طلباء مسجد میں مطالعہ اور مباحثہ بھی کرتے ہیں۔
المنتظر لائبریری
تاریخ تہذیب انسانیت علم کی ممنون ہے قوموں کی روحانی اور جسمانی زندگی علم ہی سے پروان چڑھتی ہے ۔شریعت خاتم المرسلین میں علم کو جو عزت و عظمت عطا کی گئی ہے وہ ادیان عالم میں سے کسی کو نصیب نہیں ہوئی ۔ کلام پاک کا فرمان ”ھل یستوی الذین یعلمون والذین لایعلمون“ظاہر کرتا ہے کہ علم کے بغیر انسان نہ صرف حیوان بلکہ حیوان سے بد تر ہے ۔ نبو ت کے آخری تاجدار ختم المر سل کے فرمان کے پیش نظر پاکستا ن کی سب سے عظیم یونیورسٹی حوزہ علمیہ جامعة المنتظر لاہور( شیعہ اسلامی یونیورسٹی ) میں عظیم ترین لائیبر یری کا قیام عمل میں لایا گیا ہے ۔ جس سے پاکستا ن و غیرممالک کے ہزارہا طلبا ءاستفادہ حاصل کرنے کے بعد ملک کے مختلف شہروں ،قصبوں ،دیہاتوں میں علوم محمد وآل محمد کی شمع روشن کر رہے ہیں ۔ لائیبریری کا وسیع عریض ہال جامعہ ھذا میں واقع علی مسجد کی چھت کے ساتھ بالائی منز ل پر واقع ہے ۔ ہال کے دروازوں کے ساتھ کیٹا لاگ موجود ہے جن میں مختلف موضوعات پر مشتمل کارڈ موجود ہیں ۔ قارئین بڑی آسانی کے ساتھ کیٹا لاگ دیکھ کر اپنی پسند کی ہوئی کتاب حاصل کر سکتا ہے ۔


المنتظر کیسٹ لائبریری
جامعة المنتظر کی دوسری منزل پر کتب لائبریری کے ساتھ ایک بڑے کمرے میں خوبصورت اندازمیں کیسٹ لائبریری بنائی گئی ہے ۔ کتب لائبریری کی طرح کیسٹ لائبریری بھی ملت تشیع کا ایک قیمتی اثاثہ ہے ۔
ترتیب :
المنتظر کیسٹ لائبریری میں جدید کمپیوٹر ،TV ،VCR،ٹیپ اور ٹیپ ریکارڈر موجود ہیں ۔
تقسیم :
کیسٹ لائبریری میں مختلف علوم پر مشتمل تقریباً 12ہزار کے قریب آڈیوکیسٹ اور ویڈیو کیسٹوں کا ایک بڑا ذخیرہ موجود ہے ۔اس کے علاوہ بڑی تعداد میں مختلف موضوعات پر سی ڈیز موجود ہیں ۔
نحو : اس میں نحومیر ،عوامل ،شرح مائة عامل ،ملا محسن ،ھدایة النحو ،صمدیہ ،شرح نووی ،کافیہ ،سیوطی ۔
صرف : شر ح امثلہ ،صرف میر ،تصریف ،علم الصیغہ ۔
منطق : صغرٰے ،کبرٰے ،میزان ،،منطق ،مرقاة ،شرح تہذیب ،سلم العلوم ،المنطق المظفر۔
اصول : مبادی الاصول ،تحریر المعالم ،اصول الفقہ ،رسائل ،کفایة الاصول ،خارج اصول
فقہ : توضیع المسائل ،تبصرة المتعلمین ،شرائع الاسلام ،شرح لمعہ ،مکاسب ۔
فلسفہ : بدایة الحکمہ ،نہایة الحکمہ اور اسفار (فارسی ) ۔


بلاغت : ، جواہر البلاغہ اور مختصر المعانی
رجال : علم الرجال
عقائد : شرح باب حادی عشر ،اصول عقائد، بدایۃ المعارف ۔
تفسیر : تفسیر القرآن،تفسیر بیان الخوئی ،تفسیر موضوعی کی مکمل کیسٹیں موجود ہیں ۔
اردو :
اردو میں یہ کیسٹیں علامہ اختر عباس نجفی ،محسن ملت علامہ صفدر حسین نجفی ،آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی (پرنسپل حوزہ )علامہ موسیٰ بیگ نجفی ،علامہ حافظ محمد ثقلین نقوی ،علامہ محمد رضا غفاری ،علامہ محمد اسلم صادقی ،علامہ محمد افضل حیدری کی دروس کی مکمل کیسٹیں لائبریری کی زینت ہیں ۔
فارسی :
آیت اللہ محسن افغانی ،آیت اللہ ناصر مکارم شیرازی ،محترم استاد عبائی ، محترم استاد اعتمادی،محترم استاد پایانی ،محترم استاد طالقانی ،محترم استاد آدینہ،محترم استاد آقائی فلسفی،علامہ شھید مطہری ،آیت اللہ حسن رضا طاہری (خرم آبادی )اورمحترم استاد جو ادی کے دروس کی کیسٹیں موجود ہیں ۔
درس قرآن :
درس قرآن ،تفسیر قرآن ،ترجمہ قرآن ،اس حصہ میں علامہ حافظ سید ریاض حسین نجفی صاحب ،حافظ ثقلین نقوی صاحب ،علامہ موسیٰ بیگ نجفی صاحب کی کیسٹیں موجود ہیں ۔
تلاوت قرآن :
تلاوت قرآن مجید کے حوالے سے کیسٹ لائبریری کے اندر دنیائے اسلام کے نامور قرآء(ایران ،مصر اور دیگر ممالک)کی سینکڑوں کیسٹیں موجود ہیں۔ان قرآءحضرات میں استاد عبد الباسط ،استاد مصطفٰے اسماعیل ،استاد مجید جعفری تبار ،استاد مصطفٰی غلوش ، آغاجواد فروغی ،آغاکریم منصوری ، استاد ابراھیم خاکی ،استاد شحات محمد انور ،استاد نعینع، استاد متولی ،استاد سعید مسلم ،استاد پر ہیز گار ،استا دمحمد صدیق منشاوی ،علی بن احمد اعجمی ،محمد ایوب اور شیخ عبدالرحمن السدیس کی(ترتیل ،تحقیق ،آموزش صوت ولحن )کی کیسٹیں لائبریری کی زینت میں اضافہ ہیں ۔
عشرہ محرم الحرام ومتفرق مجالس :
اس حصہ میں جناب محسن ملت علامہ صفدر حسین نجفی اعلی اللہ مقامہ،علامہ اختر عباس نجفی ،آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی ، آیت اللہ علامہ محمد حسین ڈھکو ،مفتی سید کفایت حسین نقوی،علامہ سید اظہر حسن زیدی ،علامہ رشید ترابی ،علامہ سید نصیرالاجتہادی ،علامہ غلام حسین نجفی شہید، علامہ محمد حسین لکھنوی ،خطیب گلفام حسین ھاشمی، پروفیسر سجاد رضوی ،خطیب عبدالحکیم بوترابی ،علامہ حافظ سید محمد ثقلین نقوی ،مولانا حافظ حسنین نقوی ،مولانا حافظ سبطین نقوی ،علامہ محمد حسین اکبر ،مولانا آغا سید علی حسین قمی ،حافظ سید ذوالفقار علی بخاری ،مولانا محمد عباس قمی ،مولانا غلام عسکری ،علامہ سخاوت حسین سندرالوی ،خطیب نسیم عباس رضوی ،ذاکر اہلبیت ؑ مقبول حسین ڈھکو ،مولانا عاشق حسین قیامت ،مولانا جان علی کاظمی، علامہ انوار حسین شمسی ،علامہ محمد افضل حیدری ، علامہ ملک اعجاز حسین ،مولانا سید تطہیر حسین زیدی ،مولانا ظہور خان صاحب ،مولانا سید حسن ظفر نقوی ،علامہ طالب جوہری ،علامہ محمد تقی نقوی،علامہ علی نقی نقوی ،علامہ کلب صادق ،مولانا منظور حسین عابدی ،مولانا ضیغم رضوی ،علامہ رضی جعفر ،مولانا شہنشاہ نقوی ،علامہ عقیل الغروی ،علامہ ذکی باقری،علامہ حسین بخش جاڑا ،مولانا محب حسین ،مولانا حافظ سیف اللہ ،ذاکر اہلبیت حافظ تصدق حسین اور ان کے علاوہ دوسرے علماءکرام کی تقاریرموجود ہیں۔جن سے جامعہ ہذا اور ملک بھر کے دوسرے دینی مدارس کے طلباءکرام استفادہ حاصل کرتے ہیں ۔


خطبات جمعہ:
اس حصہ میں خطبات جمعہ آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی ،علامہ حافظ سید محمد ثقلین ،مولانا موسٰی بیگ نجفی،اور علامہ سید تطہیر زیدی صاحب موجود ہیں۔


درس اخلاق :
ملک کے معروف مبلغ و مقرر علامہ صادق حسن نجفی تبلیغ بعنوان سوانح چہادہ معصومین علیھم السلام ،تفسیر ،تاریخ اور اسلام شناسی کے بارے میں مکمل تین سو کیسٹ کا سیٹ موجود ہے ۔
ویڈیو کیسٹ :
اس طرح ویڈیو کیسٹ کے حصہ میں نحو،منطق، عقائد ،اصول ،فقہ کے دروس شامل ہیں ۔مجالس و عشرہ جات میں علامہ اختر عباس نجفی صاصب ،آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی ،علامہ حسین بخش جاڑا ،علامہ حسن رضا غدیری ،علامہ محمد صادق حسن نجفی ،مولانا فاضل حسین موسوی ،علامہ حافظ سید ثقلین نقوی اور دیگر بہت سے علماء کرام کی سینکڑوں کیسٹیں زینت لائبریری ہیں ۔
المنتظر فری ڈسپنسری
جامعہ میں رہائش پذیر افراد اور اہل محلہ کے لئے علی مسجد و امام بارگاہ کے باہر”المنتظر فری ڈسپنسری” عرصہ دراز سے خدمات سرانجام دے رہی ہے جس میں تجربہ کار ڈاکٹر روزانہ دو گھنٹے شام کے اوقات میں مفت طبی مشورے دیتے ہیں ۔ اس ڈسپنسری میں معیاری ادویات محض دس روپے کی پرچی پرمہیا کی جاتی ہیں۔


عزاء خانہ فاطمیہ
علی مسجد سے ملحق یہ عزاء خانہ خواتین کے لئے بنایا گیا ہے۔ یہاں پر پہلی محرم سے لے کر 8 ربیع الاول تک عزاداری ہوتی ہے جس میں خواتین عالمہ/ذاکرہ خطاب کرتی ہیں۔ اس کے علاوہ دوران سال دیگر مناسبتوں سے بھی عزاداری و جشن کی محافل منعقد ہوتی ہیں ۔ علی مسجد کے ساتھ ملحقہ نیا تعمیر شدہ اضافی ہال، عزاء خانہ فاطمیہ کے ساتھ ملحق ہے اس طرح اس حصہ کی گنجائش اور خوبصورتی میں کافی اضافہ ہوا ہے۔


دارالافتاء
مقامی مومنین کے علاوہ اندرون و بیرون ملک سے پوچھے جانے والے شرعی مسائل کا حل اولین فرصت میں بھیجا کیا جاتاہے روزانہ بذریعہ ٹیلی فون رابطہ کرنےوالوں کےمسائل کا حل بھی بیان کیا جاتا ہے۔
شعبہ تبلیغات
بوقت ضرورت بالعموم اور رمضان المبارک و محرم الحرام میں بالخصوص سینئر طلباء تبلیغاتی امور کی انجام دہی کےلئے ملک کے مختلف حصوں میں بھیجے جاتےہیں۔
شعبہ تالیف و تصنیف
جامعہ کے تعاون سے متعدد گراں قدر کتابیں شائع کی گئیں ہیں اور بعض اداروں نے اہم کتابیں شائع کی ہے۔ یہ آثار ایک عرصہ سے تشنگان علم و حکمت کو سیراب کر رہے ہیں اور یہ چشمہ فیض جاری و ساری ہے۔ 1999 ء میں اعمال، ادعیہ و زیارات وغیرہ کی مشہور کتاب مفاتیح الجنان کا مکمل اردو ترجمہ شائع ہوا ہے جناب آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی مدظلہ العالی کا گراں قدر علمی کارنامہ ہے۔ 2009 ء سے اس شعبہ کا نام “دارالتحقیق والتالیف ” قرار دیا گیا ہے۔ جس کے زیر اہتمام جامعہ کے فاضل استاد جناب مولانا ڈاکٹر سید محمد نجفی کی متعدد، مفید و گراں قدر تصانیف و تراجم شائع کئے گئے ہیں۔
درس خارج
جلیل القدر مرجع جہان تشیع آیت اللہ العظمی الشیخ محمد فاضل لنکرانی قدس سرہ کے اصرار پر حوزہ علمیہ جامعتہ المنتظر کے سربراہ جناب آیت اللہ حافظ سید ریاض حسین نجفی مدظلہ العالی نے 1998 ء میں باضابطہ طور پر درس خارج کی تدریس کا آغاز فرمایا۔ اصول کا دورہ چند سال قبل مکمل ہوا جبکہ فقہ کا جاری ہے۔


تجہیزوتکفین میت
سہولیات سے آراستہ ، ائرکنڈیشنڈ غسل خانہ برائے میت موجود ہے۔کفن مفت مہیا کیا جاتا ہے۔ گزشتہ دو سال سے ایک عدد نئی ایمبولینس حاصل کرلی گئی ہے۔ جو کہ ایک فون کال پر کسی بھی علاقے میں مہیا کر دی جاتی ہے۔
کاروان حج
حوزہ علمیہ جامعۃ المنتظر کی طرف سے عازمین حج کی راہنمائی کیلئے 1984 ءمیں‌حج کاروان تشکیل دیا گیا جس میں جامعہ کے مرحوم استاد جناب حجۃ الاسلام مولانا سید محمد عباس نقوی ایک طویل عرصہ تک خدمات انجام دیتے رہے اور ان کے معاون کے طور پر جناب حجۃ الاسلام والمسلمین مولانا محمد افضل حیدری صاحب بھی زحمت کرتے رہے۔ مولانا سید محمد عباس نقوی کی رحلت کے بعد جناب مولانا محمد افضل حیدری صاحب ’’ کاروان حج جامعۃ المنتظر ‘‘کے مسئول کے طور پر عازمین حج کی رہنمائی کر رہے ہیں۔ فقہی مسائل و مناسک حج میں‌راہنمائی کے ساتھ ساتھ سفر ،رہائش و طعام کے لحاظ سے اس کاروان نے عازمین حج کو ہمیشہ مطمئن کیا ہے ۔ جامعۃ المنتظر حج،عمرہ پرائیویٹ لمیٹیڈ۔


مصباح القرآن ٹرسٹ
قرآن فہمی چونکہ اسلامی معاشرے کی بنیادی ضرورت ہے اور اس کی تفسیر اور موضوعات و معارف سے آگاہی نہایت اہم مسئلہ ہے جس کے پیش نظر جناب محسن ملت مولانا سید صفدر حسین نجفی علیہ الرحمۃ نے اپنے معتمد جناب الحاج سیٹھ نوازش علی صاحب ،عاشقان قرآن ،احبات وہمکاروں کے تعاون سے 1985میں‌ادارہ مصباح القرآن قائم کیا تاکہ قرآن مجید اور قرآنیات پر مبنی کتب کی اشاعت کا اہتمام کیا جا سکےاور بزرگ محققین و علماء کی کاوشوں کو تشنگان علوم و معارف تک پہنچایا جا سکے۔ ادارہ کے قیام کی بنیادی سوچ اس وقت پیدا ہوئی جب ملک میں اردو زبان میں قرآنیات پر کام کرنے کی ضرورت محسوس کی گئی جس کے نتیجے میں حضرت محسن ملت سید صفدر حسین نجفیٌ نے تفسیر نمونہ کے ترجمہ کا آغاز کیا تو اس وسیع منصوبہ کی تکمیل کے لئے اس کام تک محدود رہنے کی بجائے قرآن و قرآنیات کے موضوع پر وسعت سے کام کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔مصباح القرآن ٹرسٹ کے قیام کا اصل مقصد اردو زبان میں تفسیر قرآن اور قرآنیات کی کتب کی اشاعت کے ذریعے قرآن فہمی کو آسان بنانا اور معانی و مفاہیم کو سادہ عام فہم زبان میں‌لوگوں تک پہنچانا ہے کیونکہ عربی و فارسی زبانوں میں‌اس حوالہ سے جو کام ہوا ہے وہ نہایت وسیع ہے قرآنیات کے ماہر محققین نے ترتیبی و موضوعی تفسیر کی بنیاد پر جو عظیم علمی کتب تحریر فرمائی ہیں ان سے استفادہ کرنے کے لئے ضروری اقدامات کرنا ٹرسٹ کے بنیادی مقاصد میں شامل ہے۔مصباح القرآن کا آغاز عصر حاضرکی عظیم تفسیر اور نہایت مفید معلومات پر مبنی علمی کتاب تفسیر نمونہ سے ہوا اگرچہ اس کے ترجمہ و اشاعت کا منصوبہ نہایت اہم اور بہت بڑا تھا لیکن فارسی زبان میں 27 جلدوں پر مشتمل یہ عظیم تفسیر قرآن جو بزرگ محقق حضرت آیت اللہ العظمیٰ آقائی ناصر مکارم شیرازی کی زیر نگرانی دس محققین کی کاوش کا نتیجہ ہے،حضرت علامہ سید صفدر حسین نجفی رحمۃ اللہ علیہ نے اپنے دست مبارک سے اس کا ترجمہ فرمایا اور آیات مبارکہ کے سلیس و رواں ترجمہ کے ساتھ ساتھ ان کی لفظی وضاحت اور موضوعات کی تشریح مربوط روایات کی روشنی میں تاریخی حوالوں سے مزین کرکے جدید علوم کے موضوعات کی بحثوں‌سے آراستہ فرمایا تاکہ ہر طبقہ فکر کے لوگ یکساں طورپر اس سے استفادہ کر سکیں اس طرح مصباح القرآن ٹرسٹ کا ابتدائی عظیم منصوبہ خدا کی عنایت خاصہ سے پایہ تکمیل کو پہنچا۔
ماہنامہ المنتظر
صاحبان فکر کی تسکین کے لیے اعلیٰ معیار کا یہ ماہنامہ جامعہ کی فخریہ پیشکش ہے جسے ہر ماہ ،اندرون و بیرون ملک اراکین کے گھر و دفتر تک پہنچایا جاتا ہے۔ ملک بھر کے چار سو سے زائد مدارس کو وفاق المدارس کی طرف سے بلا قیمت بھیجا جاتا ہے۔

محافل و مجالس
آئمہ معصومین علیہ السلام کی ولادت و شہادت کی مناسبت سے خصوصی پروگرام کئے جاتے ہیں اس کے علاوہ مومنین کی طرف سے منعقد کرائی جانے والی مجالس کے انتظامات کئے جاتے ہیں۔ مجلس پیشگی بکنگ کرانا ضروری ہے۔


شارٹ کورسز
ہر سال موسم گرما کی تعطیلات میں سکولوں،کالجوں کے طلباء کے لئے اسلام شناسی کا شارٹ کورس منعقد کیا جاتاہے۔لاہور کے مقامی طلباء و طالبات کی راہنمائی کے لئے ہر اتوار کو دوگھنٹے کا اسلام شناسی کا پروگرام منعقد کیا جاتا ہے جس میں‌جامعہ کے استاد اور شعبہ طالبات کی معلمات الگ الگ کلاسوں میں معارف اسلامی کی تعلیم دیتے ہیں۔اس کے ساتھ جامعہ کی طرف سے یہ پیشکش بھی کی گئی ہے کہ اگر لاہور کے کسی محلے یا علاقے میں مناسب تعداد میں طلباء و طالبات کی کلاسوں کے لئے انتظام کیا جائے تو استاد/معلمہ مہیا کی جائے گی۔

شیخ الجامعہ علامہ اختر عباس نجفی

محسن ملت علامہ سید صفدر حسین نجفی

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=18530