20

آج امت مسلمہ کی پستی زوال اور ذلت کا سبب الحاد بے دینی اور اسلامی قوانین سے انحراف ہے، محترمہ دردانہ صدیقی

  • News cod : 19544
  • 14 جولای 2021 - 12:43
آج امت مسلمہ کی پستی زوال اور ذلت کا سبب الحاد بے دینی اور اسلامی قوانین سے انحراف ہے، محترمہ دردانہ صدیقی
اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل نے کہا کہ اعلائے کلمتہ اللہ کیلئے اپنے دور کے طاغوت کے سامنے ببانگ دہل کھڑے ہو کر رب کی وحدانیت کا اقرار کرنا حضرت ابراہیمؑ کا اسوہ ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی پاکستان حلقہ خواتین کی مرکزی سیکرٹری جنرل دردانہ صدیقی کا کہنا ہے کہ اسلام کے سنہرے اصولوں ہی میں عورت کا تحفظ ہے، اعلائے کلمتہ اللہ کیلئے اپنے دور کے طاغوت کے سامنے ببانگ دہل کھڑے ہو کر رب کی وحدانیت کا اقرار کرنا حضرت ابراہیمؑ کا اسوہ ہے، اللہ کی آزمائش کی استقامت، پھر اللہ کی نصرت حضرت ابراہیمؑ کی ہجرت اور اولاد کی قربانی، بی بی حاجرہؑ کا عزم و استقامت، لازوال قربانی ماہ ذوالحجہ ہم کو یاد دلاتا ہے، ان خیالات کا انہوں نے حیدرآباد میں منعقدہ رپورٹ سیشن اجلاس سے خطاب کے دوران۔ دردانہ صدیقی نے کہا کہ آج امت مسلمہ کی پستی زوال اور ذلت کا سبب الحاد بے دینی اور اسلامی قوانین سے انحراف ہے، اقتدار پر حق صرف رب کائنات کا ہے، کسی فرد، گروہ یا حکمران کو حق نہیں کہ وہ اسلامی قوانین کی پامالی کرے۔

ناظمہ صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مدینہ کی اسلامی ریاست کے نام پر غیر اسلامی غیر شرعی اور غیر اخلاقی بل پاس کرکے اللہ کے غضب کو دعوت دی جا رہی ہے اور دوسری جانب مہنگائی کے نام پر عوام کو بھوک افلاس میں مبتلا کر دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ متحد ہو کر سنت رسولﷺ کی پیروی کی جائے اور سنت ابراہیمیؑ کی تکمیل کرتے ہوئے حضرت ابراہیمؑ کے نقش قدم پر چلا جائے۔ اس موقع پر نائب معتمدہ پاکستان تسنیم معظم، نائب ناظمات سندھ عائشہ ظہیر، عظمیٰ اظہار، اسماء سفیر، پریس سیکرٹری عالیہ شمیم اور ناظمات اضلاع جامشورو، میرپورخاص، سانگھڑ، ٹنڈو محمد خان، ٹھٹہ، بدین، و دیگر ذمہ داران موجود تھیں۔ بعد ازاں ناظمہ صوبہ نے ناظمات اضلاع سے کام کا اور دعوتی اہداف کا جائزہ لیا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=19544