15

امت مسلمہ کو اتحاد کے ذریعے ہی طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، راشد نسیم

  • News cod : 24156
  • 22 اکتبر 2021 - 18:55
امت مسلمہ کو اتحاد کے ذریعے ہی طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا، راشد نسیم
سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر نے کہا کہ سائنس اور مادی ترقی کے بل پر کھڑے نظام زمین بوس ہو رہے ہیں، مستقل اسلام کا ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی نائب امیر راشد نسیم نے کہا ہے کہ حضرت محمد مصطفیٰ (ص) کا اسوہ بنی نوع انسان کیلئے مشعل راہ ہے، رحمت العالمین (ص) کی رحمت سے منہ موڑ کر دنیا کبھی ترقی نہیں کر سکتی، دنیا سیاسی، معاشی اور اخلاقی بحران کا شکار ہے، انسان کے بنائے ہوئے تمام نظام فیل ہوگئے، آپؐ کی شریعت ہی دنیا کو بحرانوں سے نکال کر پائیدار ترقی اور امن کی راہ پر گامزن کر سکتی ہے، ٹوٹی چپل پہننے والوں نے امریکا اور دنیا بھر کی ٹیکنالوجی کو شکست سے دوچار کر دیا ہے، سائنس اور مادی ترقی کے بل پر کھڑے نظام زمین بوس ہو رہے ہیں، مستقل اسلام کا ہے، تمام تر پابندیوں کے باوجود اسلام تیزی سے پھیل رہا ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی ضلع کیماڑی کے تحت دفتر ضلع میں، سیرت النبیؐ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ راشد نسیم نے کہا کہ امت مسلمہ کو اتحاد کے ذریعے ہی طاغوتی قوتوں کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

راشد نسیم نے کہا کہ اسلام دنیا میں غالب ہونے کیلئے آیا ہے، ان شاءاللہ ملک میں نظام مصطفیٰ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کا قانون نافذ ہو کر رہے گا، حضور صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے دعوت کے ذریعے اسلام کا پیغام عام کیا اور ظلم کے اندھیروں میں روشنی کے چراغ روشن کیے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان جب اپوزیشن میں تھے تو کہتے تھے کہ جب پیٹرول کی قیمت بڑھتی ہے تو وزیراعظم چور ہوتا ہے، اب بتائیں کہ چور کون ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم غربت کو ختم کریں غریبوں کو نہیں، حکومت کی پالیسیاں غربت کے بجائے غریبوں کو ختم کر رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے مہنگائی سے عوام کی کمر توڑ دی ہے۔ پیٹرول کی قیمتیں پہلے ہی غریب کی پہنچ سے باہر تھیں، اب یہ آسمان کو چھو رہی ہیں، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ عوام سے دشمنی ہے۔ راشد نسیم نے کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات مہنگی ہونے سے اشیائے خور و نوش مزید مہنگی ہوں گی، حکومت پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ فی الفور واپس لے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=24156