20

علامہ محمد علی فاضلؒ کے چہلم کی مناسبت سے جامعہ الکوثر اسلام آباد میں پروگرام کا انعقاد

  • News cod : 24915
  • 03 نوامبر 2021 - 1:21
علامہ محمد علی فاضلؒ کے چہلم کی مناسبت سے جامعہ الکوثر اسلام آباد میں پروگرام کا انعقاد
جامعۃ الکوثر کے استاد، ممتاز عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین محمد علی فاضل رحمۃ اللہ علیہ کے چہلم کی مناسبت سے جامعہ الکوثر اسلام آباد میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق،جامعۃ الکوثر کے استاد، ممتاز عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین محمد علی فاضل رحمۃ اللہ علیہ کے چہلم کی مناسبت سے جامعہ الکوثر اسلام آباد میں ایک پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔جس کا آغاز حافظ سید مبین سجاد نے تلاوت قرآن مجید سے کیا۔ برادر صابر حسین سراج نے نقابت کے فرائض سرانجام دیتے ہوئے طلباء کی نمائندگی میں مولانا سید علی شیرازی کو خراج عقیدت پیش کرنے کےلیے دعوت دی جنہوں نے بحیثیت استاد آپ کی شخصیت کے مختلف پہلوؤں کو اجاگر کیا۔

تفصیلات کے مطابق، مولانا ذیشان حیدر صدیقی نے آپ کی خدمت میں نذرانہ عقیدت پیش کیا جنہوں نے زمانہ طلبگی کے علمی کارناموں کو بیان کیا۔

تصویری رپورٹ| علامہ محمد علی فاضلؒ کے چہلم کی مناسبت سے جامعہ الکوثر اسلام آباد میں پروگرام کا انعقاد

حجۃ الاسلام و المسلمین انتصار حیدر جعفری تقریب سے خطاب میں حدیث العلماء باقون ما بقی الدھر کی تشریح کرتے ہوئے آپ کی شخصیت کے بارے میں کہا کہ” انسان حوزات علمیہ میں مرتا نہیں بلکہ شاگردوں کی صورت میں زندہ رہتا ہے اس کے چھوڑے ہوئے آثار اس کو بھلانے نہیں دیتے۔

انہوں نے کہا کہ مرحوم فاضل تصنیف، تدریس، تبیلغ اور تالیف کے میدانوں میں بلند پایہ اور ہمہ جہت ہونے کے باوجود عاجزی و انکساری کا اعلیٰ نمونہ تھے لہذا آپ کی ذات کو خراج تحسین آپ کے علمی کاموں کو آگے بڑھاتے ہوئے بھی کرنا چاہیے۔”

حجۃ الاسلام و المسلمین زاہد حسین زاہدی نے ہشام اور دعبل کی شان میں امام جعفر الصادق اور امام علی رضا علیھما السلام کا یہ جملہ نقل فرمایا۔ ھذا ناصرنا بقلبہ وبلسانہ وبیدہ، یہ ہمارا دل، زبان اور عمل سے مددگار ہے۔ انہوں نے علامہ فاضل مرحوم کو اس جملے کا مصداق قرار دیتے ہوئے آپ کی زندگانی کو ہمارے لیے اسوہ کے طور پر پیش کیا۔

آخر میں حجۃ الاسلام و المسلمین مرزا حسین صابری نے خطاب میں علامہ فاضل مرحوم کی پر کشش شخصیت اور عاجزی کا ایک واقعہ نقل کیا اسی طرح کا ایک واقعہ برادر صابر حسین سراج نے بھی بیان فرمایا۔پروگرام کا اختتام مرحوم اساتیذ سید عباس موسوی، مرحوم افتخار حسین جعفری اور مرحوم محمد علی فاضل نور اللہ مرقدھم کے لیے فاتحہ خوانی اور دعائیہ کلمات پر ہوا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=24915