5

طلبہ یونین کی بحالی سندھ کی طرح دیگر صوبے بھی آگے بڑھیں مرکزی صدر جے ایس او

  • News cod : 29516
  • 14 فوریه 2022 - 12:04
طلبہ یونین کی بحالی سندھ کی طرح دیگر صوبے بھی آگے بڑھیں مرکزی صدر جے ایس او
مرکزی صدر نے کہا کہ اب دوسرے صوبوں پر لازم ہو جاتا ہے وہ طلباء کے سلب شدہ حقوق بحال کریں تاکہ ملک ایک فلاحی جمہوریت کی جانب بڑھ سکے۔ تعلیمی اداروں میں طلباء کو درپیش آنے والے مختلف مسائل کا ازالہ بھی اسی صورت ممکن ہے۔

وفاق ٹائمز، مرکزی صدر جے ایس او پاکستان سید راشد حسین نقوی نے سندھ اسمبلی سے طلباء یونین کے بِل کی منظوری کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ طلباء یونین کی بحالی وطنِ عزیز میں جمہوریت کی مضبوطی کی جانب اہم قدم ہے۔ سندھ اسمبلی کا یہ اقدام لائقِ تحسین اور خوش آئند ہے۔ طلباء کو اپنے مسائل حل کرنے میں آسانی رہے گی۔ سندھ اسمبلی سے طلباء یونین بِل کی منظوری، طلباء یونین کی بحالی کے لیے جدوجہد کرنے والی تمام طلباء تنظیموں اور تمام جمہوری طاقتوں کی فتح ہے۔

مرکزی صدر نے کہا کہ اب دوسرے صوبوں پر لازم ہو جاتا ہے وہ طلباء کے سلب شدہ حقوق بحال کریں تاکہ ملک ایک فلاحی جمہوریت کی جانب بڑھ سکے۔ تعلیمی اداروں میں طلباء کو درپیش آنے والے مختلف مسائل کا ازالہ بھی اسی صورت ممکن ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے سندھ بھر سے جے ایس او کے کارکنوں کو بھرپور انداز میں تیاری کرکے طلباء یونین کے انتخابی میدان میں اترنے کا کہہ دیا ہے۔ جے ایس او پاکستان بلاتفریق تمام طلباء کے تعلیمی، سماجی اور معاشرتی حقوق کے لیے جدوجہد کرتی رہے گی۔
مرکزی صدر کا مزید کہنا تھا کہ تعلیمی اداروں میں طلباء و طالبات کے ساتھ بڑھتے ہوئے ہراسانی اور تشدد کے واقعات قابلِ تشویش ہیں ان پر قانون کے مطابق کارروائی کرنے کی ضرورت ہے تاکہ متاثرین کو انصاف ملے۔ ہمیں اپنی نوجوان نسل کے محفوظ اور روشن مستقبل کی جدوجہد کرنی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ طلباء یونین کی بحالی ان تمام مسائل کا ازالہ کرے گی۔ مستقبل کے لیے ملک میں بہترین لیڈرشپ تیار کرنے میں مدد ملے گی۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=29516