وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، شہر قائد میں دہشتگردوں کی فائرنگ سے پاسبان عزا کے جنرل سیکریٹری سید سلمان حیدر رضوی شہید ہوگئے۔ تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں شیعہ نسل کشی جاری ہے، کراچی کے علاقے انچولی سوسائٹی میں موٹرسائیکل سوار دہشتگردوں نے فائرنگ کرکے پاسبان عزا کے جنرل سیکریٹری سلمان حیدر کو شہید کر دیا۔
ابتدائی اطلاعات کے مطابق دہشتگردوں نے سلمان حیدر کو اس وقت دہشتگردی کا نشانہ بنایا جب وہ گھر کے باہر اپنی گاڑی سے اتر رہے تھے، انہیں سر اور سینے میں چار گولیاں لگیں، سلمان حیدر کو زخمی حالت میں قریبی اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ راستے میں ہی شہید ہو چکے تھے۔ پولیس کے مطابق دہشتگردوں نے سلمان حیدر کو تعاقب کرکے دہشتگردی نشانہ بنایا۔ سلمان حیدر مسجد و امام بارگاہ خیر العمل ٹرسٹ کے ذمہ دار اور آل پاکستان زیارات کاروان آپریٹر کے سیکرٹری جنرل تھے۔ شہید سلمان حیدر معروف شیعہ رہنما ایس ایم حیدر مرحوم کے بیٹے تھے۔












