7

حضرت علی علیہ السلام کی ذات گرامی ہی امت مسلمہ کے لیے وحدت کا ذریعہ ہے، آیت اللہ العظمی حافظ بشیر نجفی

  • News cod : 31609
  • 17 مارس 2022 - 18:47
حضرت علی علیہ السلام کی  ذات گرامی ہی امت مسلمہ کے لیے وحدت کا ذریعہ ہے، آیت اللہ العظمی حافظ بشیر نجفی
مرجع عالی قدر نے حضرت امیر المومنین علیہ السلام کی سیرت اور عظمت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ خداوند متعال نے رسول اللہ ؐ کے بعد حضرت امیر المومنین علیہ السلام کو دین اور اسلام کا مرکز قرار دیا ہے

وفاق ٹائمز کے نامہ نگار کی رپورٹ کے مطابق،امیر متحدہ جمیعت اہل حدیث اور اسلامی نظریاتی کونسل کے ممبر سید عطاء اللہ شاہ ،ملی یکجہتی کونسل کے ممبر اور تحریک اویسی کے سربراہ پیر غلام رسول اویسی، ذیشان حیدر اور سماء ٹی وی کے میزبان سید بلال قطب نے حضرت آیۃ اللہ العظمیٰ حافظ بشیر حسین نجفی سے ان کے مرکزی دفتر نجف اشرف میں ملاقات کی۔

اس ملاقات میں آیت اللہ حافظ بشیر نجفی نے حضرت امیر المومنین علیہ السلام کی سیرت اور عظمت کو بیان کرتے ہوئے فرمایا کہ خداوند متعال نے رسول اللہ ؐ کے بعد حضرت امیر المومنین علیہ السلام کو دین اور اسلام کا مرکز قرار دیا ہے اور آپ علیہ السلام کی ذات گرامی ہی امت مسلمہ کے لیے وحدت کا ذریعہ ہے کیونکہ پوری امت مسلمہ امیر المومنین حضرت علی علیہ السلام کو بالاتفاق خلیفہ تسلیم کرتی ہے.

انہوں نے کہا کہ فقیروں سے محبت امیر المومنین علیہ السلام کا شیوہ تھا۔آپ علیہ السلام فقیروں کے ساتھ زمین پر بیٹھ کر کھانا کھاتے تھے۔
آپ کا عدل وانصاف اسلام کی حقیقت و حقانیت کو ظاہر کرتا تھا۔

انہوں نے اس بات پر زور دیتے ہوئے فرمایا کہ اہلبیت علیہم السلام کے گھرانے کا یہ دستور تھا کہ اسلام بچانے کے لیے اس پر ہر چیز کو قربان کر دیا جائے اور کربلاء کا واقعہ اسی کا شاخسانہ تھا۔ امام حسین علیہ السلام نے اپنی عظیم قربانی پیش کر کے اسلام کو بچایا۔

آخر میں انہوں نے امت مسلمہ کو بالعموم اور پاکستانیوں کو بالخصوص یہ پیغام دیا کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی سیرتِ بتاتی ہے کہ جو بھی لا الہ اللہ محمد رسول اللہ پڑھ لیتا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم اس کو اپنی آغوش رحمت میں لے لیتے اگر وہ ان کے دین کا پابند ہے۔
لہذا ضرورت اس امر کی ہے کہ ہمیں بھی رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم کی اس سیرت پر عمل پیرا ہونا چاہیے اور اپنے ذاتی اختلافات کو اسلام سے منسلک نہیں کرنا چاہیے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=31609