10

اسرائیلی اور بھارتی مظالم کے مقابلے میں پوری قوم متحد ہے، علامہ عارف واحدی

  • News cod : 33190
  • 23 آوریل 2022 - 17:09
اسرائیلی اور بھارتی مظالم کے مقابلے میں پوری قوم متحد ہے، علامہ عارف واحدی
علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ ہم ماہ مبارک میں ہیں جو رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے، محبت و بھائی چارے کا مہینہ ہے، مگر ہمارے سیاسی رہنماؤں نے گالم گلوچ، توہین و تحقیر اور بدتہذیبی کے کلچر کو فروغ دیکر اس کے تقدس کو پامال کیا ہے۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، شیعہ علماء کونسل پاکستان کے مرکزی نائب صدر علامہ عارف حسین واحدی نے اسلام آباد کے ہوٹل میں علامہ افتخار حسین نقوی کی طرف سے منعقدہ ’’ماہ رمضان اور اتحاد امت‘‘ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ روزہ سے تذکیہ نفس کا حصول ہوتا ہے، جب تذکیہ نفس ہوگا تو دل سے ہر قسم کی کدورت، انارکی، نفرت کے جذبات ختم ہوتے ہیں اور ہر ایک کے لئے احترام پیدا ہوتا ہے، جب ہمارا تذکیہ نفس ہوگیا تو خود بخود ہمارے اندر اتحاد و بھائی چارے کے جذبات پیدا ہوں گے چونکہ تذکیہ کے بعد دل میں انتشار و افتراق جیسی کثافتیں نہیں رہتیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ پھر ماہ رمضان قرآن کی بہار ہے اور قرآنی حکم بھی اتحاد امت کا ہے، متقی انسان کا ہر لحظہ امن و بھائی چارہ اور وحدت و محبت ہی مطمع نظر ہوتا ہے، رمضان ہر آن برکت و محبت کا درس دیتا ہے تو رمضان کا پروردہ کبھی فرقہ واریت اور انتشار و افتراق کا نہیں سوچ سکتا۔

علامہ عارف واحدی نے مزید کہا کہ ہمیں افسوس ہے کہ ہم ماہ مبارک میں ہیں جو رحمتیں اور برکتیں سمیٹنے کا مہینہ ہے، محبت و بھائی چارے کا مہینہ ہے، مگر ہمارے سیاسی رہنماؤں نے گالم گلوچ، توہین و تحقیر اور بدتہذیبی کے کلچر کو فروغ دیکر اس کے تقدس کو پامال کیا ہے اور قوم کے درمیان اتحاد و وحدت کو تار تار کیا ہے، جو کسی طور پر پسندیدہ عمل نہیں ہے۔ انہوں نے جمعۃ الوداع کو قبلہ اول کی آزادی اور فلسطین کی حمایت کے لئے پورے ملک میں یوم القدس پھرپور طور پر منانے کی تاکید کی اور کہا کہ اسرائیلی اور بھارتی مظالم کے مقابلے میں پوری قوم متحد ہے، اس لئے روز قدس تمام مسالک اور طبقات کو ساتھ لیکر پوری قوت سے منایا جائے گا۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=33190