12

یوم القدس کی مناسبت سے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام

  • News cod : 33423
  • 29 آوریل 2022 - 22:40
یوم القدس کی مناسبت سے وزیراعظم شہباز شریف کا پیغام
سوشل میڈیا پر جاری کیے گئے پیغام میں کہا گیا ہے کہ برادر ملک ایران کی طرف سے شروع ہونے والے اس عالمی دن کا مقصد امت مسلمہ کی جانب سے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ یک جہتی کا اظہار تھا۔

وفاق ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق، وزیراعظم شہباز شریف کا یوم القدس پر بہادر فلسطینیوں سے یک جہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ فلسطینیوں کی الگ خودمختار ریاست کے عالمی عہد کی حمایت کا اعادہ کرتے ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ نون کے آفیشل فیس بک پیج پر جاری کیے گئے وزیراعظم شہباز شریف کے پیغام کے ساتھ وضاحت کی گئی ہے کہ برادر ملک ایران کی طرف سے 1979 میں شروع ہونے والے اس عالمی دن کا مقصد امت مسلمہ کی جانب سے اپنے فلسطینی بھائیوں اور بہنوں اور بچوں کے حقوق کے ساتھ یک جہتی کا اظہار تھا اور یروشلم الگ فلسطینی ریاست کا دارالحکومت تسلیم کیاگیا ہے جہاں واقع قبلہ اول تمام مسلمانوں کی روح کی تسکین کا باعث ہے۔

پی ایم ایل این کے سوشل میڈیا پیج پر کہا گیا ہے کہ ہر سال رمضان المبارک کے آخری جمعہ کو اس دن فلسطینیوں پر قابض صیہونی افواج کے قبضے، وحشیانہ حملوں، قتل وغارت گری اور انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں کی مذمت کی جاتی ہے، پاکستان امت مسلمہ اور دنیا بھر کے انصاف پسند انسانوں کی آواز میں آواز ملا کر فلسطینیوں پر صیہونی ریاستی مظالم کی مذمت کرتا ہے، ہر رمضان المبارک میں بالعموم اور یوم القدس پر بالخصوص صیہونی ریاستی ظلم وجبر کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

پیغام میں کہا گیا ہے کہ عالمی برادری خاص طور پر اقوام متحدہ سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور دو ریاستی حل سے متعلق معاہدات پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لئے عملی کردار ادا کرے۔ اسی طرح غیر قانونی طور پر بھارت کے زیر قبضہ جموں و کشمیر اور اسرائیل کے ناجائز قبضہ کے خلاف منظور کردہ قراردادوں پر عمل اور ان دیرینہ تنازعات کا منصفانہ حل ہی دنیا اور خطوں میں پائیدار امن لا سکتا ہے، ہم جموں و کشمیر اور فلسطین کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں، اللہ تعالیٰ شہدا کے درجات بلند فرمائے اور کشمیریوں اور فلسطینیوں کو آزادی کی نعمت سے سرفراز فرمائے۔ آمین

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=33423