وفاق ٹائمز، دعائے عرفہ اور اور عید سعید قربان کی ادائیگی کے لئے حرم امام رضا علیہ السلام کو زائرین و مجاورین کے لئے مکمل طور پر تیار کیا گیا ہے۔
عید قربان کی آمد اور عشرہ ولایت کے آغاز کی مناسبت سے حرم امام رضا علیہ السلام کو ایک بار پھر نہایت خوبصورت انداز میں سجایاگیا ہے ، اس کے ساتھ ہی زائرین و مجاورین کو خوش آمدید کہنے اور انہیں حرم امام رضا علیہ السلام میں مکمل سہولیات فراہم کرنے لئے حرم رضوی کے خادم مکمل طور پر تیار ہیں۔
اسی مناسبت سے حرم امام رضا(ع) کے ادارہ قالین کے 340 خادموں نے حرم مطہر رضوی کے دولاکھ پانچ ہزار مربع میٹر پر قالینیں بچھائی تھیں تاکہ زائرین آسانی سے دعاے عرفہ اور نماز عید سعید قربان میں شرکت کر سکیں۔
اس کے علاوہ عید سعید قربان کے اس پر مسرت موقع پر حرم امام رضا علیہ السلام کے صحنوں اور تمام مقدس مقامات کو رنگ برنگی لائیٹوں سے چراغانی کیا گیا ہے ،صحنوں میں مختلف رنگ کے پرچم اور بینرز بھی نصب کئے گئے ہیں۔
یوم عرفہ کے پروگراموں کی تفصیلات
دعاے عرفہ کا مخصوص پروگرام دعائے ندبہ کے ساتھ چار بجے شروع ہوا دعائے ندبہ کے اختتام پر حجت الاسلام والمسلمین سید حسین مومنی نے خطاب کیا جس کے فورا بعد دعائے عرفہ پڑھی گئي جس میں بہت بڑی تعداد میں زائرین اور مجاورین نے شرکت کی ۔دعائے عرفہ میں شرکت کرنے والے زائرین و مجاورین کے لئے دعا کی کتابیں حرم مطہر رضوی کے داخلی دروازوں پر زائرین میں تقسیم کی گئيں ۔
اس کے علاوہ حرم امام رضا علیہ السلام کی جانب سے زائرین و مجاورین کے درمیان دولاکھ کیک اور ساڑھے تین لاکھ پانی کی بوتلیں بھی تقسیم کی گئيں ،حرم امام رضا علیہ السلام کے دو چائے خانوں میں جن میں سے ایک صحن کوثر اور دوسرا باغ رضوان میں واقع ہے عید قربان کی رات اور عید سعید قربان کے دن ان چائے خانوں میں چائے کے علاوہ ایک لاکھ شربت کے گلاس اورایک لاکھ کیک بھی تقسیم کئے جائیں گے۔
قابل ذکر ہے کہ شہادت سفیر حسین حضرت مسلم بن عقیل(ع) کی مناست سے حرم مطہر رضوی کے رواق امام خمینیؒ میں نماز ظہرین کے بعد مجلس عزاء کا بھی اہتمام کیا گیا۔
زائرین و مجاورین کی کثیر تعداد کو مدّ نظر رکھتے ہوئے حرم امام رضا(ع) کے مقدس مقامات کی چوبیس گھنٹے صفائی و ستھرائی،ہینڈ واش اورڈسپوزل گلاس کی فراہمی سمیت پانچ لاکھ نئی سجدہ گاہیں حرم کے مختلف صحنوں میں رکھی گئی ہیں۔
حرم امام رضا علیہ السلام کے مختلف ادارہ من جملہ معذور افراد کو ویل چیئر فراہم کرنے والا ادارہ،امانت رکھنے والے ادارہ،گم شدہ اشیاء کا ادارہ،برقی گاڑیاں ایمرجنسی مراکز سمیت تمام دیگر خدماتی ادارے یوم عرفہ اور عید قربان کی مناسبت سے چوبیس گھنٹے فرائض انجام دینے میں مصروف ہيں ۔
حرم امام رضا(ع) میں نماز عید قربان کی ادائگی کا وقت
نماز عید سعید قربان کا پروگرام بروز اتوار صبح چھ بجے سے شروع ہو جائے گا،مشہد مقدس کے امام جمعہ اور صوبہ خراسان رضوی میں ولی فقیہ کے نمائندہ آیت اللہ سید احمد علم الھدیٰ کی امامت میں نماز عید پڑھائی جائے گی اور عید کے خطبے دئے جائيں گے
نماز عید سعید قربان کے علاوہ گیارہ بجے جشن کا خصوصی پروگرام بھی منعقد کیا جائے گا جس میں حجت الاسلام والمسلمین محمد حسین رجایی خراسانی خطاب کریں گے اس کے بعد اہلبیت اطہار(ع) کی شان میں قصیدے اور منقبتیں بھی پڑھی جائیں گی۔
یہاں یہ بات قابل ذکر ہے کہ اردو زبان زائرین کے لئے دعائے عرفہ کا خصوصی پروگرام حرم مطہر رضوی کے رواق غدیر میں منعقد کیا گيا ۔
حرم امام رضا(ع) میں دعای عرفہ اور نماز عید سعید قربان کا خصوصی اہتمام
اس کے علاوہ عید سعید قربان کے اس پر مسرت موقع پر حرم امام رضا علیہ السلام کے صحنوں اور تمام مقدس مقامات کو رنگ برنگی لائیٹوں سے چراغانی کیا گیا ہے ،صحنوں میں مختلف رنگ کے پرچم اور بینرز بھی نصب کئے گئے ہیں۔
مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=36023












