5

پڑوسی ممالک سے آنے والے زائرین اربعین کی عزت و تکریم کی جائے، معروف ایرانی عالم دین

  • News cod : 37242
  • 16 آگوست 2022 - 14:03
پڑوسی ممالک سے آنے والے زائرین اربعین کی عزت و تکریم کی جائے، معروف ایرانی عالم دین
ایرانی معروف عالم دین حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے کہاکہ اربعین امام حسین علیہ السلام کے ایام میں ہمسایہ ممالک کے بہت سے زائرین ایران سے کربلا کی زیارت کے لیے آتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ان زائرین کی بہتر سے بہتر عزت و تکریم کی جائے۔

وفاق ٹائمز؛ حرم معصوم قم سلام اللہ علیہا کے خطیب حجۃ الاسلام والمسلمین حبیب اللہ فرحزاد نے حرم مطہر میں خطاب کرتے ہوئے کہا: اہل بیت علیہم السلام کی تمام مجالس میں بلند آواز سے درود پڑھنا ضروری ہے کیونکہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم فرماتے ہیں کہ اگر مومنین کو کوئی اجتماع ہوتا ہے لیکن اس مجلس میں خدا کا ذکر نہیں ہوتا اور درود و سلام نہیں بھیجا جاتا، وہ اجتماع ندامت اور شرمندگی کا سبب بنے گا۔

انہوں نے مزید کہا: خدا کی خاص رحمت اہل بہشت اور نجات یافتہ افراد کے لئے ہمیشہ شامل حال رہے گی۔ لیکن قرآن کریم کی آیات کے مطابق خدا کی رحمت عام میں تمام مخلوقات شامل ہوں گی۔

حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے کہا: قرآن کریم کی آیات کے مطابق رسول خدا کا مبعوث ہونا معاشرے میں رحمت الہی کا سبب بنی کیونکہ پیغمبر اکرم صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم دو جہانوں کے لئے رحمت ہیں۔

حرم مطہر حضرت معصومہ سلام للہ علیہا کے خطیب نے کہا: پیغمبر اسلام صلی اللہ علیہ و آلہ و سلم نے معاشرے میں اپنی اچھی ہمسائیگی اور حسن سلوک کے ذریعہ بہت سارے لوگوں کو دین اسلام کی طرف دعوت دی۔

انہوں نے مزید کہا: اسلام کی تاکید یہ ہے کہ ہم اپنے ملک کے اندر اپنے پڑوسیوں کے ساتھ ساتھ دیگر مسلم اقوام جیسے افغانستان، پاکستان وغیرہ کے ساتھ ہمیشہ اچھا برتاؤ کریں اور اچھی ہمسائیگی کا ثبوت دیں۔

حجۃ الاسلام والمسلمین فرحزاد نے مزید کہا: اربعین امام حسین علیہ السلام کے ایام میں ہمسایہ ممالک کے بہت سے زائرین ایران سے کربلا کی زیارت کے لیے آتے ہیں، اس لیے ضروری ہے کہ ان زائرین کی بہتر سے بہتر عزت و تکریم کی جائے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=37242