11

ہمارے لئے سیرت النبی(ص) بہترین نمونہ عمل ہے، مولانا طارق جمیل

  • News cod : 39502
  • 03 نوامبر 2022 - 12:36
ہمارے لئے سیرت النبی(ص) بہترین نمونہ عمل ہے، مولانا طارق جمیل
لاہور میں تقریب سے خطاب میں ممتاز عالم دین کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر اگر مخلص اور خدمت کے جذبے سے کام شروع کر دیں تو آدھی سے زیادہ بیماریاں ختم ہو جائیں، اس پیشہ کو کاروبار نہیں خدمت کے جذبے کے تحت کریں، اللہ آپ کی روزی میں خودبخود برکت ڈال دے گا۔

وفاق ٹائمز۔ لاہور جنرل ہسپتال میں سیرت النبیؐ کانفرنس کا انعقاد کیا گیا۔ ممتاز تبلیغی رہنما مولانا طارق جمیل نے سیرت النبیؐ کے مختلف پہلوئوں پر روشنی ڈالی۔ لاہور جنرل ہسپتال آمد پر پرنسپل پروفیسر الفرید ظفر نے مولانا طارق جمیل کا استقبال کیا۔ کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے کہا انسان کو احسن طریقے سے زندگی گزارنے کا طریقہ پیغمبروں نے بتایا، ہمیں کامیاب زندگی گزارنے کیلئے پیغمبروں کی سیرت کو دیکھنا ہوگا، ہمارے لئے سیرت النبی(ص) بہترین نمونہ عمل ہے۔ انہوں نے کہا کہ طب انبیاء کا پیشہ ہے، ڈاکٹرز کی ذمہ داریاں عام شہری کی نسبت زیادہ ہیں۔

مولانا طارق جمیل نے کہا کہ طب کے شعبہ میں آنے سے پہلے حلف لیا جاتا ہے کہ وہ انسانیت کی خدمت کریں گے، مگر معاشرتی صورتحال اس کے برعکس ہے، ڈاکٹر ہی سب سے زیادہ لوٹ مار کرتے ہیں اور پیسے کے بغیر علاج نہیں کرتے۔ مولانا طارق جمیل نے کہا کہ ڈاکٹر اگر مخلص اور خدمت کے جذبے سے کام شروع کر دیں تو آدھی سے زیادہ بیماریاں ختم ہو جائیں، اس پیشہ کو کاروبار نہیں خدمت کے جذبے کے تحت کریں، اللہ آپ کی روزی میں خودبخود برکت ڈال دے گا۔ کانفرنس کے بعد مولانا طارق جمیل نے جنرل ہسپتال پارک کا افتتاح بھی کیا۔ اس موقع پر ایم ایس ڈاکٹر خالد بن اسلم، صوبائی صدر پیرا میڈیکل سٹاف ایسوسی ایشن رانا محمد پرویز بھی موجود تھے۔

مختصر لنک : https://wifaqtimes.com/?p=39502